کمشنر سرگودھا ڈویژن کی شہروں کو سگریٹ نوشی سے محفوظ بنانے کی پالیسی ترتیب دے کرعملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت

منگل 26 نومبر 2024 17:15

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2024ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کہاہے کہ تمباکو پاکستان میں سب سے بڑاخاموش قاتل ہے،تمباکو نوشی کی روک تھا م کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروانے کیلئے ڈویژن وضلع سطح پر عملدرآمد کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، یہ کمیٹیاں تمباکو سے پاک شہر ، منصوبے کے تحت پنجاب کو سموگ فری بنانے کیلئے کام کریں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل عملدرآمد کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا ، خوشاب ، میانوالی او ربھکر کے علاوہ صحت ، تعلیم ، پی ایچ اے ، لوکل گورنمنٹ اور سول ڈیفنس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کوڈویژنل جبکہ سی اوز ہیلتھ کو اضلاع کی سطح پر فوکل پرسن مقرر کیاگیا۔

(جاری ہے)

کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایات کی کہ وہ اپنے اداروں کو تمباکو نوشی سے پاک بنائیں، اس طرح عوامی مقامات ، ہوٹلز ، ریسٹورنٹ ، مسافرگاڑیوں وپارکوں سمیت دیگر اہم مقامات پر تمباکو نوشی سے عائد پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایاجائے۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ پاکستان میں 2025 تک سگریٹ نوشی میں 30 فیصد تک کمی لانے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے۔ سگریٹ نوشی سے روزانہ 450 جبکہ سالانہ ایک لاکھ 63ہزار 600 افراد زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں، ہر پانچ میں سے 2 افراد سگریٹ نوشی کرتے ہیں، پاکستان میں 31.8 فیصد مرد اور 5.8 فیصد خواتین سگریٹ نوشی کرتے ہیں۔

کمشنر نے ضلع سطح پر قائم کوآرڈینیشن کمیٹیوں کو جلد اجلاس طلب کر کے اپنے شہروں کو سگریٹ نوشی سے محفوظ بنانے کی پالیسی ترتیب دے کر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :