زرعی یونیورسٹی پشاورمیں گل داؤدی اور گل صدبرگ کی نمائش

بدھ 11 دسمبر 2024 17:07

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2024ء) زرعی یونیورسٹی پشاور کے شعبہ ہارٹیکلچر نے پرائم منسٹر گرین یوتھ موومنٹ کلب اینڈ یوتھ ڈویلپمنٹ سنٹر کے زیراہتمام گل داؤدی اور گل صدبرگ کی نمائش کا انعقاد کیا گیا جو کہ ایک ہفتے تک جاری رہے گا۔پھولوں کی نمائش نے ہر طرف رنگوں کی بہار پھیلا دی، جس کی خوشبو کی خوبصورت احساس نے سحر طاری کردیا تھا۔

جاری نمائش میں 30 اقسام کی گل داودی اور 2 اقسام کی گل صدبرگ فرنچ و افریقی رکھی گئے تھے، ان پھولوں سے سجے گلدستوں کی دلکشی نے ہر فرد کو اپنی طرف متوجہ کیا جنہیں دیکھ کر دل کو فرحت اور روح کو تسکین مل رہی تھی، شرکاء نے پھولوں کی نمائش میں گہری دلچسپی لی۔

(جاری ہے)

افتتاحی نمائش میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے چئیرمین شعبہ ہارٹیکلچر پروفیسر ڈاکٹر گوہر ایوب و دیگر فیکلٹی ممبران، انتظامی آفسران اور طلبہ وطالبات کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر باقاعدہ نمائش کا آغاز کیا، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت نے شعبہ ہارٹیکلچر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گل داؤدی کی افزائش اور دورانیہ بڑھایا جائے، انہوں نے طلبہ و طالبات سے کہا کہ وہ ریسرچ صرف ڈگری کے حصول کے لئے نہیں بلکہ ملک و قوم کی ترقی کے لئے استعمال کریں. پروفیسر ڈاکٹر گوہر ایوب، ڈاکٹر فضل واحد اور ڈاکٹر مسعود احمد نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہم ان پھولوں پر مزید کام کررہے ہیں. انہوں نے شرکاء کو نمائش میں رکھے گئے پھولوں کی صلاحیتوں، فوائد اور اقسام کے بارے میں تفصیل بتایا. اس موقع پر ڈائریکٹر کلائمٹ چینج سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر ہمایون خان، ڈائریکٹر اوریک پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف، ڈائریکٹر ٹیچنگ پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس ، ڈائریکٹر ایڈوانس سٹڈیز اینڈ ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر محمد ساجد ، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف ڈیویلپمنٹ سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر ملک عنایت اللہ جان، چیئرمین شعبہ ایگریکلچرل کیمسٹری اینڈ بائیو کیمسٹری ڈاکٹر صاحب عالم، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس کونسلنگ و یوتھ ڈویلپمنٹ سنٹر ڈاکٹر انور علی شاد، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ اینڈ کمپیوٹر سائنس ڈاکٹر محمد فیاض، اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد ابرار، ڈائریکٹر ایگریکلچر ریسرچ انسٹیٹیوٹ، ترناب ڈاکٹر فریدہ انجم سمیت فیکلٹی ممبران، سکالرز ، طلبہ وطالبات اور صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔