رانا تنویر حسین کی زیر صدارت پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی کی گورننگ باڈی کا 90واں اجلاس

جمعرات 12 دسمبر 2024 22:57

رانا تنویر حسین کی زیر صدارت پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی کی گورننگ باڈی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 دسمبر2024ء) پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی (پی سی سی سی) کی گورننگ باڈی کا 90واں اجلاس وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیس اور تنظیم نو کے اہم معاملات پر غور کیا گیا تاکہ کمیٹی کی کارکردگی اور شعبہ کپاس کی بحالی کو ممکن بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے گزشتہ آٹھ سالوں میں سیس کے مسائل کے حل میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان تاخیرات نے پی سی سی سی کی کارکردگی اور قومی تحقیق و ترقی پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ اجلاس میں سیس کی فوری وصولی، واجب الادا رقم کی بحالی، اور ادارے کی مالیاتی استحکام کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں تنظیم نو کے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

ان تجاویز کا مقصد پی سی سی سی کے نظام کو بہتر بنانا اور کپاس کے کاشتکاروں کی ترقی کے لیے تحقیقاتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور تحقیقاتی منصوبوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ شعبہ کپاس کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے وزارت تجارت کے تعاون سے 4 فروری 2025 کو ملتان میں ایک قومی کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا۔

یہ کانفرنس کپاس کی صنعت کی بحالی اور ترقی کے لیے حکمت عملی وضع کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ رانا تنویر حسین نے کپاس کے کاشتکاروں کی معاونت اور پی سی سی سی کو ایک مضبوط ادارے کے طور پر فعال کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیر نے اجلاس میں شرکت کرنے والے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور ان کی تجاویز کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :