کویت کے اقامہ قوانین میں تبدیلیاں متعارف‘ نئی وارننگ جاری

آجروں کو غیرملکیوں کو ان کی اصل بھرتی کے علاوہ کسی اور مقاصد کے لیے ملازمت دینے سے منع کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 14 دسمبر 2024 13:38

کویت کے اقامہ قوانین میں تبدیلیاں متعارف‘ نئی وارننگ جاری
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 دسمبر 2024ء ) کویت نے غیرملکیوں کے رہائشی قوانین میں تبدیلیاں متعارف کرادیں، فنگر پرنٹ سے متعلق نئی وارننگ بھی جاری کردی گئی۔ گلف نیوز کے مطابق نئے قوانین کا مقصد ملک کی امیگریشن پالیسی کو جدید بنانا، ویزہ ٹریڈنگ اور تارکین وطن کارکنوں کے ساتھ سلوک جیسے دیرینہ مسائل کو حل کرنا ہے، اہم تبدیلیوں میں سے ایک کویتی خواتین کے بچوں کے لیے دس سالہ اقامہ ہے، جس کی تجدید بغیر کسی فیس کے اس وقت تک کی جا سکتی ہے جب تک کہ وہ کویتی شہریت حاصل نہ کرلیں، یہ بچے اپنی رہائش سے محروم نہیں ہوں گے چاہے وہ میڈیکل یا تعلیمی مقاصد کے لیے چھ ماہ سے زیادہ ملک سے باہر ہوں۔

یہ بتایا گیا ہے کہ نئے قانون کے تحت ویزہ کی تجارت اور استحصال کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا جائے گا، جس کے تحت ان افراد پر سخت جرمانے عائد ہوں گے جو پیسے کے بدلے داخلے، رہائش، یا ویزے کی تجدید میں سہولت فراہم کرتے ہیں، آجروں کو اب غیرملکیوں کو ان کی اصل بھرتی کے علاوہ کسی اور مقاصد کے لیے ملازمت دینے سے منع کردیا گیا ہے، اور انہیں یہ یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے کہ کارکنوں کو مناسب اجازت کے بغیر دوسروں کے ذریعے ملازمت نہ دی جائے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ایک اور اہم شق فیملی وزٹ ویزہ کی مدت میں تین ماہ کی توسیع ہے، جس کی فیس کا تعین وزارت داخلہ کرے گی، اس قانون میں پچھلے ورکر کے جانے کے بعد نئے گھریلو ملازمین کو لانے کے لیے انتظار کی مدت میں چھ ماہ سے چار ماہ تک کمی بھی شامل ہے، بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش میں قانون انسانی سمگلنگ اور استحصال کے خلاف اقدامات کو مضبوط کرتا ہے، جس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے سزاؤں میں جرمانے اور قید شامل ہیں، غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث سرکاری ملازمین پر بھی بھاری جرمانے ہون گے۔

بتایا جارہا ہے کہ نئے قوانین چھ ماہ کے اندر نافذ ہو جائیں گے، یہ کویت کی اپنے رہائشی نظام کو جدید بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے، اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری برائے ریزیڈنسی اور شہریت امور میجر جنرل علی ال ادوانی نے تمام رہائشیوں کے ساتھ منصفانہ سلوک کو یقینی بناتے ہوئے شفافیت اور جوابدہی کے لیے حکومت کے عزم پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ نئے قانون میں کویت ویزہ کی ویب سائٹ پر اپ ڈیٹس کے ساتھ ڈیجیٹل تبدیلی کی دفعات بھی شامل ہیں جس کا مقصد رہائشی درخواستوں کو ہموار کرنا اور کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔

علاوہ ازیں کویتی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر ملکی و غیر ملکی افراد نے 31 دسمبر تک اپنی بائیو میٹرک فنگر پرنٹس رجسٹر نہ کرائیں تو ان کی تمام بنیادی سہولیات معطل کردی جائیں گی، خدمات کی معطلی سے بچنے کے لیے ضروری ہے مقررہ وقت سے پہلے ’میٹا‘ پلیٹ فارم یا ’سہل‘ ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک فنگر پرنٹنگ کے لیے وقت لیا جائے، مزید خدمات ان افراد کے لیے ناقابل رسائی ہوجائیں گی جو اس حکم پر عمل درآمد نہیں کریں گے۔