لیسکو ہیڈ کوارٹر میں اجلاس کا انعقاد، جاری مرمتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا

پیر 16 دسمبر 2024 19:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2024ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو)کے ہیڈکوارٹر میں چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر اجلاس ہوا۔اجلاس میں ریجن بھر میں جاری مرمتی کاموں کو جلداز جلد مکمل کرنے اور لائن سٹاف کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔ترجمان لیسکو کے مطابق اس موقع پر چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے متعلقہ چیف انجینئرز کو ہدایت کی کہ لائنز پر جاری مرمتی کاموں کی خود نگرانی کریں اور کوشش کریں کہ مرمتی کاموں کے دوران کم سے کم وقت کے لیے شٹ ڈائون کیا جائے تاکہ صارفین کو زیادہ پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انجینئر شاہد حیدر نے ہدایت کی کہ سیفٹی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور سلسلے میں سائیڈ انسپکشن کے عمل کو بھی بڑھا دیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیفٹی ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹو لیسکوکے علاوہ چیف فنانس آفیسر بشری عمران،ڈائریکٹر کسٹمر سروسزسرور مغل، ڈی جی ایڈمن نعمان غفور، ڈی جی امپلیمنٹیشن رائے محمد اصغر، منیجر ایچ آرہما چیمہ، چیف انجینئر آپریشنزعباس علی،چیف انجینئر ٹی اینڈ جی ظفر اقبال،چیف انجینئرپی ایم یو شعیب عاصم،چیف انجینئر پی اینڈ ڈی عمران محمود، ڈائریکٹر ریکوری محمد مزمل، ڈائریکٹر اینٹی تھفٹ محمد شاہد ملک، چیف لا آفیسر بدریاسین، کمپنی سیکرٹری گوہر ایوب،ڈائریکٹر ایس اینڈ آئی اصغر سکھیرااورڈائریکٹر کمرشل ندیم طاہر شریک تھے۔