جعلی ادویات کی روک تھام کے لئے بار کوڈ کے نظام پر عمل درآمد کو تیز کیا جائے ، وفاقی وزیرقومی صحت

پیر 13 اکتوبر 2025 16:52

جعلی ادویات کی روک تھام کے لئے بار کوڈ کے نظام پر عمل درآمد کو تیز کیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ جعلی ادویات کی روک تھام کے لئے بار کوڈ کے نظام پر عمل درآمد کو تیز کیا جائے ۔یہ نظام عوام کو معیاری، محفوظ اور اصلی ادویات کی فراہمی یقینی بنائے گا ۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے قوم صحتنے بارکوڈ اور سیریلائزیشن (Serialization) کے نظام پر پیش رفت کیلئے جائزہ اجلاس میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ جعلی ادویات کی روک تھام کے لئے یہ نظام اہم کردار ادا کرے گا ۔

(جاری ہے)

ہمارا ہدف منصوبے کی جلد تکمیل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے برآمدات کی فروغ اور عالمی منڈی میں پاکستان کی ساکھ مضبوط ہو گی، جعلی ادویات کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان فارماسیوٹیکل سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ عمل درآمد کے تمام پراسس کی ہفتہ وار رپورٹ مجھے بھیجی جائے ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ نے وزیر صحت کو ڈی ۔2 بارکوڈ اورسیریلائزیشن کے نفاذ سے متعلق بریفنگ دی ۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری ہیلتھ، ایڈیشنل سیکرٹری اور ڈریپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے بھی شرکت کی ۔