پاکستان مسلم لیگ فنکشنل اور جے ڈی اے کے سربراہ پیر پگارا کی لاڑکانہ آمد

جمعرات 19 دسمبر 2024 19:30

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2024ء) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل اور جے ڈی اے کے سربراہ پیر سائیں پگارا لاڑکانہ شہر کے شاہ آباد پیر گوٹھ میں اپنے روحانی سفر کے دوران سید اکبر حسین شاہ راشدی، پیر محمد مصطفیٰ شاہ راشدی و راشدی جماعت کی چائے کی دعوت پر پہنچے۔ اس موقع پر پیر پگارا نے راشدی خاندان کے نوجوانوں اور بزرگوں سے خصوصی ملاقات کی۔

پیر پگارا نے کہا کہ اپنی اولاد کو دینی و دنیاوی تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں، پڑوسیوں کا خیال رکھیں، انسانیت کی خدمت کریں، حق سچ کے راستے پر چلنے سے اللہ تعالیٰ کی رضامندی حاصل ہوتی ہے، اس موقع پر سید اکبر حسین شاہ راشدی اور سید محمد مصطفیٰ شاہ راشدی نے بھی راشدی جماعت کی جانب سے پیر سائیں پگارا کی آمد پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا،علاوہ ازیں شاہ آباد پہنچنے پر حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا کا شاندار پرتپاک استقبال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں، پیر پگارا بلوچستان کے اوستہ محمد شہر کیلئے روانہ ہوگئے، اس سے قبل مرزا پور میں پیر سائیں پگارا نے سندھ بھر سے آئے ہزاروں مریدین اور عقیدت مندوں سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں، ان کی اچھی پرورش کریں، ان کا مستقبل ان کا مقدر ہے، خصوصاً بچیوں کو زیادہ سے زیادہ دینی و دنیاوی تعلیم دیں۔ بری صحبت سے دور رکھیں۔ جتنا ہو سکے ان کے ساتھ محبت سے پیش آئیں اور اپنے بچوں کے لیے محبت بھرا ماحول پیدا کریں، پیر سائیں پگارا نے کہا کہ ملک کی سرحدیں پاک فوج کی وجہ سے محفوظ ہیں، فوج ہماری ہے اور ہم فوج کے ہیں۔