جامعہ زرعیہ کا باغبانوں و کاشتکاروں کو ترشاوہ پھلوں کی برداشت اور سنبھال کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ

منگل 7 جنوری 2025 16:47

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2025ء) ماہرین اثمارجامعہ زرعیہ نے باغبانوں و کاشتکاروں کو ترشاوہ پھلوں کی برداشت اور سنبھال کیلئے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا ہے اور کہا ہے کہ تمام ترشاوہ پھلوں کو اس وقت توڑا جائے جب ان میں مناسب خوشبو، مٹھاس اور رنگ بن جائے جبکہ بہتر طریقہ یہ ہے کہ جب مٹھاس کی مقدار زیادہ اور کھٹاس کم ہو اس وقت پھل کو درخت سے الگ کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ پھل کی توڑائی مناسب طریقے سے کی جائے ورنہ پھل جلد گل جائیگا اور مارکیٹ میں کم قیمت پائے گانیز پھل ہمیشہ قینچی کی مدد سے توڑا جائے اور پھل کی ڈنڈی پھل کے کندھوں کے برابر رکھ کر کاٹی جائے ورنہ دوسرے پھل زخمی ہوں گے اسی طرح اونچائی سے پھل سیڑھی کی مدد سے اتارا جاناچاہئے اوردرخت کے اوپر چڑھ کر پھل نہ توڑا جائے اورٹوکریوں یا کریٹوں میں ڈال کر ایک جگہ اکٹھا کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر پھل کا چھلکا زخمی نہ ہو اور چوٹ نہ لگے تو پھل دیر تک اچھی حالت میں سٹور کیا جاسکتاہے اسلئے پھل توڑتے وقت پھل کو زخمی ہونے سے بچایا جائے اور خیال رکھیں کہ درخت کو بھی کوئی نقصان نہ پہنچے۔انہوں نے کہاکہ مٹی سے اٹے ہوئے پھل اچھے معلوم نہیں ہوتے اور گل سٹر جاتے ہیں اسلئے ان کو نرم کپڑے سے صاف کرلیا جائے یا پوٹاشیم پرمیگینٹ کے محلول سے دھو لیا جائے تو بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پھل کی صفائی کے بعد درجہ بندی کی جائے جس سے بڑے سائز کا پھل علیحدہ،درمیانہ سائز کا علیحدہ اور چھوٹے سائز کا پھل علیحدہ کرلیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ آج کل مشینی طریقہ سے پھل کی درجہ بندی اور صفائی کی جاتی ہے اس کے فوراً بعد پروپکسنگ بھی کر لینی چاہیے۔ اس کے بعد پھل کی پیکنگ کا مرحلہ آتاہے جو کہ بہت اہم ہے۔انہوں نے کہاکہ پھل چھوٹے چھوٹے کریٹ جن کا سائز12x12x18 انچ ہوان میں کاغذ لگا کر پھل کو گڈی کاغذ میں لپیٹ کر تہوں میں رکھا جائے اور ہر تہہ کے درمیان بھی کاغذ لگایا جائے اس طرح پھل پیک کر کے کاشتکار اچھی قیمت حاصل کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :