Live Updates

گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کو یقینی بنانا ناگزیر ہے،مقررین

پیر 28 اپریل 2025 11:12

گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کو یقینی بنانا ناگزیر ہے،مقررین
مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)ترکی کی کوکورووا یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر حاکان اوسکان نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیا اور پلانٹ بریڈنگ اینڈ جنیٹکس ڈیپارٹمنٹ کے ویٹ گروپ کے سائنسدانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈاکٹرمحمد کاشف، ڈاکٹر رضوانہ مقبول، ڈاکٹر عامر شکیل، ڈاکٹر راحیلہ رحمان، ڈاکٹر عمارہ و دیگر بھی موجود تھے۔

ملاقات میں گندم کی نئی اقسام اور اس فصل کو درپیش مسائل کے حل پر روشنی ڈالی گئی۔ دونوں جامعات کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی عزم کا اظہار کیا گیا۔ ڈاکٹر حاکان اوسکان نے کہا کہ ان کے گندم بریڈنگ پروگرام میں وہ پرائیویٹ سیڈ کمپنی کے تعاون سے روایتی اور جدید طریقہ کار بشمول مالیکیولر ڈی این اے مارکرز اور سپیڈ بریڈنگ کا استعمال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کو یقینی بنانا ناگزیر ہے تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو احسن انداز میں پورا کیا جا سکے۔ یاد رہے کہ حال ہی میں پنجاب سیڈ کونسل نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی تیار کردہ خشک سالی اور گرمی کو برداشت کی خصوصیات کی حامل گندم کی نئی قسم ''چناب پاستا 24'' کی منظور کی ہے۔

علاہ ازیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، زرعی یونیورسٹی ملتان اور آسٹریلیا کے تعاون سے پاکستان میں پہلی بار ہائبرڈ گندم کی لائنیں تیار کی جا رہی ہیں۔ مزید برآں جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں واشنگٹن اسٹیٹ یونیورسٹی کے تعاون سے موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی 10گندم کی لائنوں پر کام جاری ہے۔ یہ امرقابل ذکر ہے کہ زرعی یونیورسٹی نے مختلف فصلوں، پھلوں اور سبزیوں کی 50 سے زائد اقسام تیار کی ہیں جو کسانوں کے مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی سطح پر غذائی استحکام کو یقینی بنانے میں بھی نمایاں مقام رکھتی ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات