کاشتکاروں کو سبزیوں کی کاشتہ نرسریوں کو سردی و کورے سے بچانے کیلئے حفاظتی و تدارکی اقدامات کی ہدایت

جمعرات 9 جنوری 2025 12:28

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2025ء) محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے ڈائریکٹر چوہدری خالد محمودنے کہا کہ شدید سردی اور کورا سبزیوں کیلئے نقصان دہ ہے لہٰذا کاشتکارسبزیوں کی کاشتہ نرسریوں کو شدید سردی اور کورے سے بچانے کیلئے حفاظتی و تدارکی اقدامات یقینی بنائیں۔ محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے ڈائریکٹر نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا کہ سخت سردی اور کورا خصوصاً مرچ، ٹماٹر کی نرسری اور بینگن کی فصل کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے جس کیلئے مناسب اقدامات بروقت ضروری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نرسریوں کے کھیتوں کے شمال مغربی جانب سرکنڈہ یا سرکیاں لگائیں اور پلاسٹک کی شیٹ میسر ہو تو اس سے ہر روز شام کو نرسری ڈھانپ دیں اور صبح 9بجے پلاسٹک اتار دیں یا باریک سرئیے کی 60سینٹی میٹر اونچی کمانیں بنا کر چھوٹی سرنگ کی شکل بنا لیں اور اس کے اوپر پلاسٹک ڈالیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شمال کی طرف سے پلاسٹک کا کنارہ مٹی میں دبا دیں اور جنوبی کنارہ کھلا رکھیں تاکہ پانی لگانے یا گوڈی وغیرہ کرتے وقت اسے اوپر اٹھایا جا سکے نیز رات کے وقت اس کنارے پر اینٹ وغیرہ رکھ کر اس کو بند کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر نرسری میں کہیں بیماری نظر آئے تو اس کا پانی فوراً روک دیں اور بیمار اور مرجھائے ہوئے پودوں کو جڑ سے اکھاڑ کر گڑھے میں دبا دیں۔انہوں نے کہا کہ پھپھوندکش زہر کا سپرے تنے اور تنے کی گرد والی زمین پر کریں اور جہاں سے پودے اکھاڑے جائیں وہاں پر بھی سپرے کریں، نرسری کا قد 4تا5 سینٹی میٹر ہونے تک زمین وتر حالت میں رہے اور اس کے بعد آبپاشی کا وقفہ حسب ضرورت بڑھا دیں۔ انہوں نے بتایاکہ اگر پودے کمزور ہوں تو نائٹروفاس کھاد 25گرام فی کیاری 1.25 x 1.25)میٹر(ڈالی جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گوڈی اور جڑی بوٹیوں کی تلفی باقاعدہ کریں تاکہ پودوں کوصحیح خوراک میسر آسکے اورکھیت میں نرسری تبدیل کرنے سے چند دن پہلے پانی روک دیں تاکہ نرسری سخت جان ہو جائے۔