محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو مٹرکے خالص بیج کے حصول کیلئے پھول آنے اور پھلیاں بننے پر چھدرائی کی سفارش

جمعہ 10 جنوری 2025 13:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2025ء) نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت توسیع کے ماہرین زراعت نے کہا کہ مٹر کی فصل کو موسمی اثرات سے بچا کر بہتر پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے لہٰذا کاشتکار اچھی پیداوار کے حصول کیلئے فصل کو موسمی اثرات سے بچائیں اور کورے و دھند سے متاثرہ فصل میں 3سے 4کلو گرام یوریا 100لیٹر پانی میں ملا کر سپرے کریں تا کہ اسے منفی اثرات سے بچانے میں مدد مل سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاشتکار سرد موسم میں آبپاشی کا وقفہ بڑھا کر 15دن کر دیں اور خالص بیج کے حصول کیلئے پھول آنے اور پھلیاں بننے پر چھدرائی کریں نیز جو پودے مطلوبہ قسم کے مطابق نہ ہوں انہیں نکال دیں۔ انہوں نے کہاکہ فصل میں پھول آنے پر آدھی بوری یوریا فی ایکڑ کے حساب سے ڈالیں۔ انہوں نے مزید بتایاکہ درجہ حرارت کم ہونے پر مٹر کی اگیتی فصل پر ا کھیڑا کی بیماری حملہ آور ہوتی ہے جس سے پودا جڑ سے سوکھ جاتا ہے لہٰذا ماہرین زراعت کی مشاورت سے اس بیماری سے بچاؤ کیلئے نئی کیمسٹری کی ادویات کا سپرے ضروری ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں محکمہ زراعت (توسیع و پیسٹ وارننگ) کے مقامی عملہ سے بھی مشورہ کیا جا سکتاہے۔

متعلقہ عنوان :