قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس،پاکستان فٹبال فیڈریشن پر بریفننگ اور پاکستان کبڈی فیڈریشن پر تفصیلی تبادلہ خیال

کمیٹی کاپاکستان فٹبال فیڈریشن کی جانب سے حالیہ انتخابات کے حوالے سے ایجنڈے پر جامع پریزنٹیشن دینے میں ناکافی تیاری پر عدم اطمینان کا اظہار

جمعہ 10 جنوری 2025 23:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2025ء)قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین محمد ثناء اللہ خان مستی خیل کی صدارت منعقد ہوا جس میں پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور پاکستان کبڈی فیڈریشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کمیٹی نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی جانب سے حالیہ انتخابات کے حوالے سے ایجنڈے پر جامع پریزنٹیشن دینے میں ناکافی تیاری پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پی ایف ایف کو کمیٹی کو جامع اور بہتر تیاری کے ساتھ 15 دن کے اندر بریفنگ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

کمیٹی نے پی ایف ایف اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کو اگلے اجلاس سے کم از کم تین دن پہلے بریفنگ/ ورکنگ پیپرز جمع کرانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کو آئندہ بریفنگ میں ووٹرز کی اہلیت، انتخابات کے دوران پی ایف ایف کی جانب سے پابندی کا شکار افراد یا اداروں کی اپیلوں پر کیے گئے فیصلے، اور سپریم کورٹ کے احکامات کی تفصیلات شامل کی بھی ہدایت کی۔

کمیٹی نے پاکستان کبڈی فیڈریشن (پی کے ایف) کے صدر کو اگلے کمیٹی اجلاس میں اپنی حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس ممبران قومی اسمبلی انجم عقیل خان، سردار محمد یعقوب خان ناصر، محمد اقبال خان، سید سمیع اللہ، اور محترمہ شائستہ خان اور سیکریٹری آئی پی سی، ممبر نارملائزیشن کمیٹی، سیکریٹری جنرل کبڈی فیڈریشن، اور وزارت و متعلقہ محکموں کے دیگر حکام نے شرکت کی۔