محکمہ زراعت نے ترشاوہ پھلوں اور امرود کے باغات کی دیکھ بھال بارے سفارشات جاری کر دیں

جمعہ 10 جنوری 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2025ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق باغبان حضرات ترشاوہ پھلوں کی بیمار،سوکھی اور غیر ضروری شاخوں کی کانٹ چھانٹ کریں۔کنو،مسمی وغیرہ کی برداشت جاری رکھیں اور برداشت شدہ پودوں کی شاخ تراشی تیزدھار آلات سے کرتے رہیں۔نئے باغات لگانے کے لیے زمین کی تیاری کریں اور گڑھے کھودیں۔ باغبان محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے ترشاوہ باغات میں متوازن کیمیائی کھادیں ڈالیں۔

(جاری ہے)

اگر دسمبر میں گوبر کی گلی سڑی کھاد نہیں ڈالی جاسکی تورواں ماہ کے پندرھواڑہ میں ڈال دیں۔ ترشاوہ پھلوں کی گدھیڑی کے انسداد کے لیے زمین پر گوڈی کریں اور مناسب زہرپاشی کریں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا کہ امرود کے چھوٹے پودوں کو کورے سے بچائیں۔کورے سے متاثرہ شاخوں کو اس وقت تک نہ کاٹیں جب تک کورے کا خطرہ مکمل طور پر ختم نہ ہو جائے۔باغات سے جڑی بوٹیوں کا خاتمہ کریں اور ایک آبپاشی کریں۔ جڑی بوٹیو ں کے کنٹرول کیلئے باغبان ہل چلائیں مگر اس بات کا خیال رکھیں کہ پودے کی جڑیں زیادہ گہرائی میں نہیں ہوتیں اس لیے گہرا ہل نہ چلائیں وگرنہ جڑوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :