رواں موسم سرما کے سب سے تگڑے بارشوں کے سلسلے کیلئے تیار ہو جائیں

لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں مسلسل 2 دن بارشیں ہونے کا امکان، اگلے ہفتے بارشوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہو گا

muhammad ali محمد علی جمعہ 10 جنوری 2025 21:56

رواں موسم سرما کے سب سے تگڑے بارشوں کے سلسلے کیلئے تیار ہو جائیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جنوری2025ء) رواں موسم سرما کے سب سے تگڑے بارشوں کے سلسلے کیلئے تیار ہو جائیں، لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں مسلسل 2 دن بارشیں ہونے کا امکان، اگلے ہفتے بارشوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں بارش برسانے والا سسٹم کب داخل ہوگا، اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی سامنے آ گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں بارش برسانے والا سسٹم 14 جنوری کو داخل ہوگا۔ بادلوں کے اس سسٹم کے آنے سے بارش ہوگی اور دھند کی شدت میں کمی آئے گی۔ جبکہ بارشوں کے اس سلسلے سے قبل ہی لاہور اور دیگر شہروں میں مسلسل 2 دن بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ لاہور میں ہفتے اور اتوار کو مسلسل دو دن بارش ہونے کا امکان ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو جائے۔

(جاری ہے)

رواں موسم سرما کے دوران یہ پہلا موقع ہو گا جب لاہور میں مسلسل دو دن بارش ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک موسم کا سلسلہ جاری ہے جب کہ آج صوبے کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج ہے اور حد نگاہ انتہائی حد تک کم ہونے کی وجہ سے ٹریفک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ صوبے کے کئی مقامات پر شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ 50 میٹر تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

گزشتہ روز لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق صبح اور رات کے اوقات میں پنجاب کے میدانی اضلاع میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے تاہم مشرقی پنجاب اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔