شہد کی مکھی پال حضرات کو مکھیوں کے بکسوں کا معائنہ ہر 15 دن بعد کرنے کی ہدایت

پیر 13 جنوری 2025 12:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2025ء) شہد کی مکھی پال حضرات کو مکھیوں کے بکسوں کا معائنہ ہر15 دن بعد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین مگس بانی و چمن آرائی نے کہاکہ وہ بکسوں کا بغور جائزہ لیتے رہیں اور اگر ان کی صفائی کرنا مقصود ہو تو اس میں کسی تاہی کا مظاہرہ نہ کریں ۔ انہوں نے کہاکہ جن علاقوں میں سرسوں اور توریا سے مناسب شہد اکٹھا ہو چکا ہو وہاں سے شہد نکالا بھی جاسکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ اگر شہد کی مکھیوں کے گھر کمزور ہوں تو ابھی شہد نکالنے میں جلدی نہیں کریں تاہم شہد کی مکھیوں کونمی کے اثرات سے بچانا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگرکمبل یا کپڑے کے ٹکڑے سردی سے بچاؤ کےلئے فریموں کے اوپر رکھے گئے ہوں توانہیں بھی مناسب وقفوں سے بدلتے رہنا چاہیے تاکہ ان میں زیادہ نمی پید انہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر ڈھانپنے والے کپڑے گیلے محسوس ہوں تو انہیں اچھی طرح دھوپ میں خشک کرنے کے بعد استعمال کریں ۔انہوں نے کہاکہ یہ بھی خیال رکھیں کہ ملکہ مکھی کے انڈے دینے کےلئے بکسوں میں جگہ کی کمی نہ ہو اور پھولوں کی عدم دستیابی کے علاقوں میں چینی کا شیرہ بحساب 1:2 بھی مکھیوں کو دیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ مکھی پال حضرات مزید رہنمائی کےلئے ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :