باغبانوں کو مسمی، مالٹا، گریپ فروٹ کی شاخ تراشی جنوری میں پھل توڑنے کے بعدکرنے کا مشورہ

منگل 14 جنوری 2025 14:29

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2025ء) باغبانوں کو مسمی، مالٹے، گریپ فروٹ اور کنوکا پھل توڑنے کے بعد فوری پودوں کی شاخ تراشی کامشورہ دیا گیاہے۔سٹرس فروٹ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین ترشاوہ باغات نے کہا کہ باغبان مسمی، مالٹا اور گریپ فروٹ کی شاخ تراشی جنوری میں پھل توڑنے کے بعد جبکہ کینو کی شاخ تراشی وسط جنوری سے فروری کے پہلے ہفتے تک مکمل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاخ تراشی پودوں کی صحت، پیداوار اور معیار میں اضافہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اسلئے سد ابہار جوان پھلدار پودے مثلاً ترشاوہ، امروداور آم وغیرہ کی سوکھی ہوئی بیمار اور ایک دوسرے میں پھنسی ہوئی شاخوں کی شاخ تراشی پھل توڑنے کے بعد کی جائے۔انہوں نے کہاکہ اس دوران ان شاخوں کو بھی کاٹ دیا جائے جو زمین کو چھو رہی ہوں کیونکہ ایسی شاخوں کے ذریعے زمین میں موجود بیماریوں اور کیڑوں کا پودوں پر حملے کا خطرہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کھجور کے پرانے جھکے ہوئے خشک اور بیمار پتے پھل اتارنے کے بعد کاٹ دیں۔انہوں نے کہاکہ ترشاوہ پھلوں کے چھوٹے پودوں میں اکثرروٹ سٹاک پھوٹتا ہے اس لیے ان کا وقتاً فوقتاً کاٹنا نہایت ضروری ہے۔علاوہ ازیں فالسے کی شاخ تراشی بھی ضروی ہے۔انہوں نے کہاکہ فالسہ کے پودوں کو ہر سال تقریباً ایک میٹر کی اونچائی سے کاٹ دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے پودوں کی شاخ تراشی سال میں کسی بھی وقت کی جاسکتی ہے جبکہ بڑے سد ابہار پودوں کی شاخ تراشی پھل برداشت کرنے کے بعد ہی کرنی چاہیے۔