فیصل آباد،باغبانوں کو پھلوں کو درجہ بندی کے بعد مارکیٹ بھجوانے کا مشورہ

بدھ 15 جنوری 2025 16:22

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2025ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین ہارٹیکلچر نےباغبانوں کو پھلوں کو درجہ بندی کے بعد مارکیٹ بھجوانے کا مشورہ دیا ہے تاکہ انہیں پھلوں کے معیار کے مطابق قیمت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پھلوں کو لاثانی، اول اور دوم درجہ بندی میں تقسیم کیاگیا ہے لہٰذا باغبان پھلوں کو درجہ بندی کے بعد مارکیٹ بھجوائیں ۔

انہوں نےکہا کہ اکثراوقات پھل کوسیزن کے شروع میں توڑ لیا جا تا ہے جبکہ پھل ابھی پوری طرح تیار نہیں ہو تاجس سے پھل کی فعلیاتی اور تجارتی پختگی دونوں متاثر ہوتی ہیں نیزپھل جسامت میں کم، رنگت میں سبز اور بیرونی دلکشی و جازبیت سے محروم ہو نے کی وجہ سے مارکیٹ میں مناسب قیمت حاصل نہیں کر سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پھلوں کو پودوں سے توڑنے کے بعد ایک اہم عمل ان کی درجہ بندی ہے جس میں پھلوں کو ایک چٹائی پر یا فیکٹری میں کنویئر بیلٹ پر چھانٹا اور مختلف گروہوں میں تقسیم کیا جاتاہے۔

انہوں نے کہاکہ پھلوں کی درجہ بندی کےلئے پھل کا سائز، بیماری سے پاک ہو نا، جلد کا صاف اور مضبوط ہو نا اور رنگت کو محلوظ خاطر رکھنا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ درجہ بندی کے بعد پھلوں کی پیکنگ کا عمل انتہائی اہم ہے کیونکہ پھلوں کی پیکنگ سے پھل خوبصورت اور دل کش ہونے کے علاوہ اس کی عمر میں بھی اضافہ ہوتاہے۔