کاشتکاروں کو سہاگہ لگاکر رجر کے ذریعے4 فٹ کے فاصلے پر 10 سے12 انچ گہری کھیلیوں میں گنے کی فصل کاشت کرنے کی ہدایت

منگل 21 جنوری 2025 12:26

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2025ء) ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری خالد محمودنے کاشتکاروں کو گنے کی فصل کو کھلے سیاڑوں اور گہری کھیلیوں میں کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کماد کی کاشت کےلئے ہموار زمین میں گہرا ہل چلا کر مناسب تیاری کے بعد سہاگہ لگائیں اور پھر رجر کے ذریعے 10 سے12 انچ کی گہری کھیلیاں 4فٹ کے فاصلے پر بنائیں اور ان میں پہلے فاسفورس اور پوٹاش کی کھادیں ڈالیں اور پھر سیاڑوں میں سموں کی 2لائنیں 6 انچ کے فاصلے پر اس طرح لگائیں کہ سموں کے سپرے آپس میں ملے ہوئے ہوں جس کے بعد ان کو مٹی کی ہلکی سی تہہ سے ڈھانپ دیں اوربیج پر مٹی ڈالنے میں احتیاط کریں ۔

انہوں نے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ مذکورہ صورتحال میں سہاگہ نہ پھیریں بلکہ ہاتھ یا پاؤں سے مٹی ڈالیں اور ہلکا پانی لگا ئیں نیز مناسب وقفہ پر جب کھیلیاں خشک ہوجائیں تو دوبارہ پانی لگائیں اس طرح کماد کے اگنے تک حسب ضرورت پانی لگاتے رہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اچھی پیداوار کے لئے سیاڑوں کا درمیانی فاصلہ 4 فٹ ہونا چاہیے تاکہ کھلے سیاڑوں میں پودوں کو روشنی، ہوا اور غذائیت وافر ملتی رہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہل، ترپھالی سے گوڈی و نلائی کی جاسکتی ہے اور آسانی کے ساتھ مٹی چڑھائی جاسکتی ہے اس طرح وقت اور اخراجات کی بچت ہوتی ہے اور حسب ضرورت پانی کی کمی کرکے فصل کو گرنے سے بچایا جاسکتاہے۔ مزید معلومات، مشاورت، رہنمائی کےلئے محکمہ زراعت کی مفت ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔

متعلقہ عنوان :