Live Updates

بانی پی ٹی آئی کو ابھی تک ڈیل آفر نہیں ہوئی جب ہوگی تو قبول کرلیں گے

بانی پی ٹی آئی دروازے کے باہر دیکھ رہے ہیں،عمران خان کا ملٹری ٹرائل ہوا تو میرے لئے حیران کن نہیں ہوگا، فیصل واوڈا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 21 جنوری 2025 21:22

بانی پی ٹی آئی کو ابھی تک ڈیل آفر نہیں ہوئی جب ہوگی تو قبول کرلیں گے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 21 جنوری 2025ء ) سابق وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ابھی تک ڈیل آفر نہیں ہوئی جب ہوگی تو قبول کرلیں گے، بانی پی ٹی آئی دروازے کے باہر دیکھ رہے ہیں،عمران خان کا ملٹری ٹرائل ہوا تو میرے لئے حیران کن نہیں ہوگا۔ انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اسٹیبلشمنٹ کا احترام کرتا ہوں ، یہ آج سے نہیں ہے، جب کوئی غلط کام کرے گا تو ڈرے گا، جو بھی غلط کام کرے گا اس کیخلاف بولوں گا، مجھے اینٹی اسٹیٹ بھی بنایا گیا پھر بھی حق سچ بات کرنا نہیں چھوڑا، جمہوریت ، اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ اگر تینوں لائن نہیں ہیں، تو پھر کہیں نہ کہیں مسئلہ ہے، تینوں کا ایک لائن پر ہونا ضروری ہے۔

موجودہ حکومت بھی وہی ہے جو 75سالوں سے سیٹ اپ چلتا آرہا ہے، اب بھی وہی سیٹ اپ چل رہا ہے، آئین قانون بہت کچھ کہتا ہے کیا اس پر عملدرآمد ہوتا ہے؟ عدالتوں کے نظام سے شروع کریں اور عدلیہ کو سب سے پہلے ٹھیک کریں، انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی دروازے کے باہر دیکھ رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو ڈیل آفر نہیں ہورہی، بانی پی ٹی آئی کو ڈیل آفر ہوگی تو وہ ایک منٹ میں ہوجائے گی، بانی پی ٹی آئی کا ملٹری ٹرائل ہوا تو میرے لئے حیران کن نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ مذاکراتی کمیٹیوں کی آج سیرحاصل گفتگو ہوئی، جوڈیشل کمیشن پر ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا، ہماری آراء قریب قریب ہیں میٹنگز آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ انہوں نے پی ٹی آئی اور حکومتی کمیٹیوں کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا آج کا اجلاس ختم ہوگیا ہے، جوڈیشل کمیشن پر ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا، آج سیرحاصل گفتگو ہوئی، مثبت طریقے سے اس پر کام کررہے ہیں، ہماری آراء قریب قریب ہیں میٹنگز آئندہ بھی جاری رہیں گی ، حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی کل دوبارہ میٹنگ ہوگی۔

آج میٹنگ میں 7جماعتوں کے نمائندے موجود تھے، 7 ورکنگ ڈے پورے ہوں گے تو جواب دیں گے۔ مزید برآں عرفان صدیقی نے ”ایکس “پر اپنے ایک بیان میں میڈیا پر اس حوالے سے چلنے والی خبر کی تردید کی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چارٹر آف ڈیمانڈ کے حوالے سے میڈیا پر ایک خبر سامنے آئی جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومتی کمیٹی نے جواب میں اپنا موقف تیار کر لیا ہے تاہم عرفان صدیقی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ذرائع کے حوالے سے میڈیا میں آنے والی اس خبر میں کوئی صداقت نہیں کہ حکومتی کمیٹی نے پی ٹی آئی کے چارٹر آف ڈیمانڈز کے جواب میں اپنا موقف تیا ر کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ خبر اور اس میں بیان کی گئی تمام تفصیلات بے بنیاد ہیں اس وقت حکومتی کمیٹی میں شامل سات جماعتیں باہمی مشاورت اور اپنی اپنی قیادت سے راہنمائی حاصل کرنے کے عمل میں ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات