زرعی سائنسدانوں نے اعلیٰ خصائص کی حامل حشرات وجڑی بوٹیوں کےخلاف قوت مدافعت والی گنے کی ٹرانسجینک اقسام متعارف کروادیں

پیر 27 جنوری 2025 15:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2025ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے زرعی سائنسدانوں اورماہرین شوگر کین نے اعلیٰ خصوصیات کی حامل حشرات اور جڑی بوٹیوں کے خلاف قوت مدافعت والی گنے کی ٹرانسجینک اقسام متعارف کروادی ہیں جبکہ یہ دنیا بھر میں برازیل کے بعد گنے کی دوسری جنیٹیکل موڈیفائیڈ قسم ہے جس سے گنے کی پیداوار میں شاندار اضافہ ممکن ہوسکے گا۔

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے غذائی تحفظ یقینی بنانے اور کاشتکار برادری کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ایف نے سویابین کی نئی اقسام تیار کی ہیں جنہیں درآمد سے نجات دلانے کے لیے کسانوں میں رواج دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد برصغیر کا پہلا زرعی ادارہ ہونے کی حیثیت سے اس شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی تحقیق کو کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچانا ہو گا تاکہ خوشحالی خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکے۔ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی نے واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی کے تعاون سے ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف قوت مدافعت والی گندم کی اقسام تیار کی ہیں جواہم سنگ میل ثابت ہوں گی۔بین الاقوامی شراکت کاری بارے انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر، سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز، چائنیز کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ، ڈی ایٹ سنٹر اور آئی ایس ٹی اے سیڈ لیب بھی موجود ہے۔