کماد کے کاشتکاروں کو ہمیشہ صحتمند، بیماریوں اور کیڑوں سے پاک فصل سے بیج کے انتخاب کی سفارش

بدھ 29 جنوری 2025 14:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2025ء) شوگر کین ریسرچ انسٹیٹیوٹ آری فیصل آباد کے ترجمان نے کاشتکاروں کوکماد کی بہاریہ فصل کیلئے بیج کے انتخاب اور شرح بیج کے بارے میں ہدایت کی ہے کہ کماد کی بوائی گنے ہی سے کاٹے ہوئے 3یا 4 آنکھوں والے ٹکڑوں (سموں) کے ذریعے کی جائے اوربروقت کاشت و دیگر موزوں حالات میں فی ایکڑ4 آنکھوں والے 13 سے15ہزار سمے یا3 آنکھوں والے 17 سے20 ہزار سمے ڈالنے چاہئیں جبکہ یہ تعداد تقریباً 100 سے120 من بیج سے حاصل کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر کاشت میں تاخیر ہوجائے یا زمین کی صحیح تیاری نہ ہو تو بیج کی مقدار میں 10سے15 فیصد اضافہ کردینا چاہیے۔انہوں نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا کہ ہمیشہ صحت مند، بیماریوں اور کیڑوں سے پاک فصل سے بیج کا انتخاب کیا جائے نیز بیج بناتے وقت بیماراور کمزور گنے چھانٹ کر الگ نکال دینے چاہئیں خاص طورپر ایسے کھیت سے بیج ہرگز نہ رکھا جائے جس میں رتہ روگ کی بیماری موجود ہو۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ہمیشہ یک سالہ فصل کا بیج منتخب کرنے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ بہتر پیداوار کا حصول ممکن بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ بیج کیلئے گنے کا اوپر والا حصہ استعمال کیا جائے کیونکہ اس سے اگاؤ اچھا ہوگاتاہم گری ہوئی فصل کا بیج ہرگز استعمال نہ کیاجائے اور آنکھوں کو زخمی ہونے سے بچانے کے علاوہ بیج کیلئے گنے کو درانتی یا پلچھی سے نہ چھیلا جائے بلکہ ہاتھوں سے کھوری اتار ی جائے۔ انہوں نے بتایاکہ سموں پر کھوری یا سبز پتوں کا غلاف نہیں ہونا چاہیے ورنہ اگاؤ کم ہوسکتاہے اور دیمک لگنے کا بھی خطرہ رہتاہے۔

متعلقہ عنوان :