حالیہ موسم میں جانوروں میں بیماریوں کے خطرات زیادہ بڑھ جاتے ہیں،انچارج کلووال سمبڑیال لائیواسٹاک ہسپتال

جمعرات 30 جنوری 2025 17:16

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2025ء) سمبڑیال كے علاقہ كلووال انچارج لائیواسٹاک ہسپتال سینئرڈاکٹر افضل نے کہا ہے کہ حالیہ موسم میں جانوروں میں بیماریوں کے خطرات زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج جمعرات کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ خشک سردی کی وجہ سے بڑے اور چھوٹے جانوروں میں گل گھوٹو، منہ کھر اور انتڑیوں کی بیماری پھیلنے کے خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

انہوں نے كہا كہ جانوروں میں بیماریوں كے حوالے سے فارمرز لائیواسٹاک بیٹھك كا انعقاد كیا جا رہا ہے جس میں مویشی پال حضرات كو آگاہی فراہم كی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے جانوروں کو خشک اور گرم جگہ مہیا کریں ،جانوروں کی جگہ کو صفائی کرکے چونے کا چھڑکائو کریں تاکہ جراثیم کا خاتمہ ہوسکے، جانوروں کو ہر تین ماہ بعد کیڑے مار ادویات پلائیں، جانوروں کے جسم پر بیرونی کیڑے مار سپرے کریں اور وقت پر چارہ کھلائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے فارمرز کو ہدایت کی ہے کہ چیچڑوں سے نہ صرف جانوروں میں بلکہ انسانوں میں بھی بہت ساری بیماریاں جنم لیتی ہیں جن کا خاتمہ وقت پر کیڑے مار ادویات پلانے سے کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک فارمرز کسی بھی قسم کی معلومات، رہنمائی یا مشاورت کیلئے محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کی ہیلپ لائن صبح سے شام تک رابطہ کیا جا سکتاہے۔انہوں نے کہاکہ اگر جانوروں میں کسی قسم کی بیماری کی علامات ظاہر ہو ں تو فوری طور پر قریبی ویٹرنری ہسپتال یا ڈسپنسری میں موجود لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ عملہ سے رابطہ کریں تاکہ جانوروں اور مویشیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرکے مرض کی علامات کو ختم کرنے اور کسی پیچیدگی سے بچانے میں مدد مل سکے۔

متعلقہ عنوان :