اٹک انتظامیہ نے تجاوزات مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا

اتوار 2 فروری 2025 18:40

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2025ء) اٹک کی ضلعی انتظامیہ نے ضلع بھر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور مہم کا آغاز کردیا ہے جس میں بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے ایک سو سے زائد غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر راؤ عاطف رضا نے اتوار کو ضلع اٹک کی تمام چھ تحصیلوں میں شروع کی گئی انسداد تجاوزات مہم کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ شہزاد نیاز کھوکھر اور ڈسٹرکٹ رپورٹر اے پی پی نثار علی خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے زور دے کر کہا کہ تجاوزات کے مکمل خاتمے تک انسداد تجاوزات مہم بلا تفریق جاری رہے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر جگہوں اور علاقوں میں تجاوزات ٹریفک میں خلل کا باعث بنتی ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ لینڈ گرابرز سے غیر قانونی طور پر چھینے والی سرکاری اراضی کو واگزار کرانے کے لیے اگلی کارروائی کی جائے گی اور اس سلسلے میں محکمہ ریونیو کے اہلکار کی جانب سے تمام اہم نکات کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔