کاشتکاروں کو خربوزے کی ٹی96 اور راوی اقسام مارچ کے آخر تک کاشت کرنے کی ہدایت

منگل 4 فروری 2025 15:53

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2025ء) ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے زرعی ماہرین نے صوبہ کے تمام علاقوں میں خربوزے کی کاشت رواں ماہ فروری کے پہلے ہفتہ سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ خربوزے کی اقسام ٹی 96 اور راوی کو 21سے 35ڈگری سنٹی گریڈ پر مارچ کے آخر تک کاشت کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ خربوزے کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ اسے ہر قسم کی زمین میں کاشت کیا جا سکتا ہے تاہم اگر زرخیر میرا اور پانی کے مناسب نکاس کے نظام پر مشتمل زمین ہو تو خربوزے کی کاشت نہائت ہی موزوں ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خربوزے کی کاشت اور بہتر فصل کے حصول کیلئے ایک سے ڈیڑھ کلو گرام تک بیج کا استعمال ہی کافی ہوتا ہے۔انہوں نے بتا یا کہ زمین کی تیاری کیلئے ایک مرتبہ مٹی پلٹنے والا ہل چلانے، اس کے بعد تین دفعہ عام ہل پھیرنے اور ہر مرتبہ ڈھیلے توڑنے، زمین کو نرم کرنے و بھر بھر ی بنانے کیلئے سہاگہ بھی چلاناچاہیے کیونکہ اس کے بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے مشورے سے متوازن کھادوں کا استعمال بھی مؤثر نتائج کا حامل ہو سکتا ہے۔انہوں نے کاشتکاروں کو لوبیا کی بہاریہ کاشت بھی وسط فروری سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ یہ کاشت 15فروری سے شروع کر کے28فروری تک مکمل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوبیا بطور دال، چارہ استعمال ہوتاہے جبکہ لوبیا کی نئی اقسام بطور سبزی بھی کاشت کی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ لوبیا کی فصل ہر قسم کی زمین پر کاشت کی جاسکتی ہے لیکن اس کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے ذرخیز میرا زمین جس میں پانی کے نکاس کا خاطر خواہ انتظام ہواچھی رہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار زمین کو تیار کرنے کیلئے وتر کی حالت میں دویا تین بار ہل چلا کر ہموار کرلیں اور اس کے بعد آبپاشی کرکے راؤنی کردیں اورزمین کوزرخیز بنانے کیلئے مناسب وتر کی حالت میں فی ایکڑ ایک بوری ڈی اے پی کھاد ڈال کر دوبارہ ہل چلائیں اور اس کے بعد سہاگہ دیدیں۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار سہاگہ کے بعد تر وتر میں ڈرل کے ذریعے لوبیا کی کاشت کریں اور قطاروں کا فاصلہ 50،50 سینٹی میٹر رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ لوبیا کی بہاریہ فصل کے لیے شرح بیج موٹے بیج والی اقسام کے لیے 14سے15 کلوگرام فی ایکڑ اور چھوٹے بیج والی اقسام کا10سے12 کلوگرام فی ایکڑ ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ ماہرین زراعت کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے زیادہ پیداوار حاصل کریں۔

متعلقہ عنوان :