پی سی سی سی اور کاٹن کونیکٹ کے اشتراک سے ملتان میں قومی کانفرنس برائے بحا لیِ کپا س کا انعقاد

منگل 4 فروری 2025 16:56

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2025ء) پی سی سی سی اور کاٹن کونیکٹ کے اشتراک سے ملتان میں منگل کے روز قومی کانفرنس برائے بحا لیِ کپا س کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس کے انعقاد کا مقصد کپاس کی پیداوار میں مسلسل کمی کی وجوہات کو اجاگر اور کاشتکاروں کی رہنمائی کرنا تھا۔اس موقع پر زرعی ماہرین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کپاس کی پیداوار میں مسلسل کمی تشویشناک ہے۔

اس حوالے سے حکومت اور نجی شعبے کو ملکر اس مسئلے پر قابو پانا ہو گا۔ماہرین کا کہنا تھا کہ کپاس کی صنعت کی بحالی کے بغیر معیشت مستحکم نہیں ہو سکتی۔اس لئے کپاس کے کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے ڈاکٹر یوسف ظفر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کپاس کی بحالی کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زمین کے بہتر استعمال سے کپاس کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔

ڈاکٹر یوسف ظفر نے مزید کہا کہ پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی کپاس کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ آئی سی اے سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ہمارا ادارہ پاکستان میں کپاس کی بحالی کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔پاکستانی کپاس کی عالمی منڈیوں میں مسابقت بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ کانفرنس کے شرکاء نے موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق بیجوں کی اقسام کی تیاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کپاس کی صنعت کی بحالی کے بغیر معیشت کی بہتری ممکن نہیں۔اس کی گرتی ہوئی پیداوار قومی معیشت کے لیے چیلنج ہے۔