بہنوئی کی پڑوسی سے ملکر 20 سالہ لڑکی سے زیادتی، حاملہ ہونے پر قتل کرکے لاش دفن کردی

پولیس نے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن میں مقتولہ کی پھوپھی و بہنوئی کی والدہ اور بہنوئی کی بہن بھی شامل ہیں

Sajid Ali ساجد علی منگل 4 فروری 2025 16:53

بہنوئی کی پڑوسی سے ملکر 20 سالہ لڑکی سے زیادتی، حاملہ ہونے پر قتل کرکے ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 فروری 2025ء ) صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں بہنوئی نے پڑوسی سے مل کر 20 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد حاملہ ہونے پر قتل کرکے لاش دفن کردی، پولیس نے واقعے میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ جاتلی کے علاقے میں 20 سالہ لڑکی کو زہر دے کر قتل کرنے کے بعد لاش دفنانے کے مقدمے میں مقتولہ کے بہنوئی، اس کے والدین، بہن اور ایک پڑوسی کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات میں پتا چلا ہے کہ مقتولہ کو اس کے بہنوئی گلفراز عرف گلو اور پڑوسی محمد امین نے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا اور جب مقتولہ حاملہ ہوئی تو ملزمان نے منصوبہ بندی کرکے اسے زہر دے کر قتل کیا اور فوری تدفین کروا دی، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے قبر کشائی کرکے مقتولہ کا پوسٹ مارٹم کرایا تو رپورٹ میں اس سے زیادتی اور زہر دینے کے شواہد مل گئے، جس کے بعد پولیس کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں لڑکی کا بہنوئی گلفراز عرف گلو، مقتولہ کی پھوپھی و بہنوئی کی والدہ گلزار بیگم، بہنوئی کی بہن انیلہ بی بی اور پڑوسی محمد امین شامل ہیں، اس کے علاوہ ایک اور ملزم وجاہت کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو مرکزی ملزم گلفراز کا ڈرائیور تھا، گرفتاری کے بعد سے تمام ملزمان 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں ہیں جہاں ان سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔

اس حوالے سے سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ پولیس کیس کی میرٹ پر تفتیش کرے گی، ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا، راولپنڈی پولیس ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور اس افسوسناک واقعے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔