محکمہ زراعت کی فالسے کے باغبانوں کو فوری کھادوں کا متناسب و متوازن استعمال کرنے کی ہدایت

جمعرات 6 فروری 2025 13:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2025ء) فالسے کے باغبانوں و کاشتکاروں کو فوری کھادوں کا متناسب و متوازن استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ فالسے کی بہترین پیداوار اور اچھی فصل کاحصول ممکن ہو سکے۔ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد نے کاشتکاروں سے کہاکہ باغبان فالسے کے پودوں کی شاخ تراشی بھی فوری شروع کردیں اور شاخ تراشی کے بعد گوبر کی کم از کم10کلوگرام گلی سڑی کھاد بھی فی پودا ضرور ڈالیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پودوں کی نئی پھوٹ شروع ہوتے وقت پون کلو یوریا کھاد، ایک پاؤ ڈی اے پی، آدھاکلوگرام ایس او پی کھاد فی پودا ڈالنی اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ باغبان پودوں پر نئی پھوٹ شروع ہونے پر آبپاشی کاعمل بھی شروع کر دیں تاہم جب پودوں پر پھول آوری شروع ہو اس وقت پودے کو کم پانی لگایاجائے تا کہ فالسے کی فصل کی شاندار بڑھوتری ممکن ہو سکے۔انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :