پاکستانی سفارتخانے ابوظہبی میں یوم یکجہتی کشمیر 2025 کی تقریب

aijaz ahmad gondal اعجاز احمد گوندل جمعرات 6 فروری 2025 18:17

پاکستانی سفارتخانے ابوظہبی میں یوم یکجہتی کشمیر 2025 کی تقریب
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 6فروری2025ء) پاکستانی سفارتخانے ابوظہبی میں یوم یکجہتی کشمیر 2025 کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام کو خراج تحسین پیش کیا اور حق خودارادیت کے لیے ان کی سات دہائیوں پر محیط جدوجہد کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق کے مطالبے سے نہیں روک سکتے۔ سفیر پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ اٹھاتا رہے گا اور اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کونسل سمیت ہر فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرے گا۔ تقریب میں کشمیری کمیونٹی کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا، بھارتی مظالم کی مذمت کی اور حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کشمیری عوام کی حالت زار پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔