بھنڈی توری سال میں 2مرتبہ فروری، مارچ اور جون، جولائی میں کاشت کی جا سکتی ہے،ڈاکٹرعامرصدیق

جمعہ 7 فروری 2025 15:11

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آباد ڈاکٹرعامرصدیق نے کاشتکاروں کو بھنڈی کی کاشت وسط فروری سے شروع کرنے کی ہدایت اور سبز پری نامی قسم کاشت کرنے کی سفارش کی ہے تاکہ کاشتکارمذکورہ مشہور قسم کی کاشت سے اچھی پیداوار حاصل کرسکیں نیز بھنڈی توری کی بوائی کیلئے اچھے اگاؤ والا 10 سے 12 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کرنے کا بھی مشورہ دیاگیاہے جس سے بمپر کراپ یقینی ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا کہ اگر کاشت کے وقت مطلع ابر آلود اوردرجہ حرارت20ڈگری سینٹی گریڈسے کم ہو تو بھنڈی توری کی کاشت نہ کی جائے کیونکہ اس سے بیج کااگاؤ متاثر ہوسکتاہے تاہم بیج کے بہترین اگاؤ اور بڑھوتری کیلئے درجہ حرارت 20 سے30ڈگری سینٹی گریڈ ہونا موزوں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ بھنڈی توری کی فصل سال میں 2مرتبہ فروری مارچ اور جون جولائی میں کاشت کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ فروری مارچ میں کاشتہ فصل سے پیداوار اگست ستمبر تک جبکہ جولائی اگست میں کاشتہ فصل سے پیداوار اکتوبر نومبر میں حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار تیار شدہ زمین میں 75 سینٹی میٹر کے فاصلے پر پٹڑیاں بنا کر اس کے دونوں طرف دو سینٹی میٹر گہری لکیریں نکال لیں اور بیج کا کیرا کریں۔انہوں نے کہاکہ 22 سینٹی میٹرکے فاصلے پر 3سے4 بیجوں کو چوکاکرکے بھی لگایاجاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :