بیڈمنٹن کی ترقی کے لئے نیا ٹیلنٹ ابھارنے کے لئےاقدامات کر رہے ہیں، مہوش کریم

جمعرات 13 فروری 2025 19:10

بیڈمنٹن کی ترقی کے لئے نیا ٹیلنٹ ابھارنے کے لئےاقدامات کر رہے ہیں، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2025ء) پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن راولپنڈی، بیڈمنٹن ونگ کی سیکرٹری مہوش کریم المعروف مونا چوہدری نے کہا ہے کہ گراس روٹ سطح پر بیڈمنٹن کی ترقی کے لئے نیا ٹیلنٹ ابھارنے کے لئےاقدامات کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں وفاقی دارالحکومت میں دوسری نیشنل سٹوڈنٹس اولمپک گیمز کے مقابلے منعقد ہوئے جس میں ملک بھر سے تعلیمی اداروں سکول، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء وطالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔

بیڈمنٹن کے مقابلوں میں سو سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا جن میں کافی تعداد میں نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے اور پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن (بیڈمنٹن)کے ڈائریکٹر جنرل مطاہر سہیل کی کوشش ہے کہ اس ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور زیادہ سے زیادہ اس ٹیلنٹ کو کھیلنے کے مواقع فراہم کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مطاہر بیڈمنٹن اکیڈمی راولپنڈی کے زیر اہتمام ہر تہوار کے موقع پر بیڈمنٹن ٹورنامنٹس کا انعقاد کرتی ہے جس میں راولپنڈی ڈویژن کے کھلاڑی حصہ لیتے ہیں ان تہواروں میں 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر، 8 مارچ کو عالمی خواتین ڈے، 23 مارچ کو یوم پاکستان، یکم مئی عالمی مزدور ڈے، 14 اگست کو جشن آزادی، 6 ستمبر کو دفاع پاکستان اور 25 دسمبر کو قائد اعظم ڈے شامل ہیں۔

ہر سال ان تہواروں کے سلسلے میں بیڈمنٹن کے مقابلے منعقد ہوتے ہیں۔