واسا نے پانی ذخائر میں کمی پر احتیاط برتنے کیلئے واٹر ایمرجنسی نافذ کردی

طویل ترین خشک سالی زیر زمین پانی کی سطح 850 فٹ تک گر گئی

ہفتہ 15 فروری 2025 21:15

واسا نے پانی ذخائر میں کمی پر احتیاط برتنے کیلئے واٹر ایمرجنسی نافذ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2025ء)طویل ترین خشک سالی زیر زمین پانی کی سطح 850 فٹ تک گر گئی، واسا نے پانی کے ذخائر میں کمی پر پانی کی استعمال میں احتیاط برتنے کیلئے واٹر ایمرجنسی نافذ کردی۔ایم ڈی واسا سلیم اشرف کی جانب سے جاری واٹر ایمرجنسی میں کہا گیا ہے کہ شہری گھروں کے فرش گاڑیاں دھونے سے گریز کریں باغیچوں کو پانی دینے سے اجتناب کریں کیونکہ طویل عرصہ سے بارشیں نہ ہونے سے خشک سالی خطرناک حد تک بڑھ گئی۔

واسا کی جانب سے یہ ہدایت جاری کی گئی ہے کہ سروس اسٹیشنز پانی کا بے دریغ استعمال نہ کریں، خانپور ڈیم اوپن واٹر چینل کی بھل صفائی کے باعث پانی کی سپلائی میں مزید کمی کردی گئی۔شہر میں پانی کی یومیہ ڈیمانڈ 70ملین گیلن ہے ، 51ملین گیلن یومیہ پانی کی سپلائی میں مزید 5ملین گیلن یومیہ کی کمی آگئی۔

(جاری ہے)

خانپور ڈیم سے سنگ جانی تک 12کلو میٹر طویل اوپن واٹر چینل کی بھل صفائی جاری ہے، بھل صفائی 10فروری سے 20فروری تک جاری ہے، 23فروری کو جڑواں شہروں کو پانی کی سپلائی بحال ہوسکے گی۔

واسا سی ڈی اے کنٹونمنٹ بورڈ مشترکہ طور پر بھاری مشینوں کے ذریعے بھل صفائی کررہے ہیں۔اوپن واٹر چینل کی سالانہ بھل صفائی کے ذریعے خانپور ڈیم سے نکلنے والی اوپن واٹر چینل کے ذریعے پانی کا اخراج سنگ جانی واٹر فلٹریشن پلانٹ تک بڑھایا جاتا ہے تاکہ جڑواں شہروں کے شہریوں کو پانی کی زیادہ سے زیادہ سپلائی کو یقینی بنایا جاسکے۔واسا کی جانب سے ہوٹلز اور کمرشل اداروں رہائشی آبادیوں کو سیوریج لائنوں میں کچرا اور فوڈ ویسٹ ڈالنے سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔