چارجز اور مارجن میں ردوبدل، عوام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مکمل ریلیف سے محروم

پیٹرول پر فریٹ چارجز میں 1 روپے 42 پیسے کا اضافہ کرکے 5 روپے 79 پیسے فی لیٹر کردیا گیا، ڈیزل پر فریٹ چارجز 27 پیسے بڑھا کر 2 روپے 92 پیسے فی لٹر مقرر کردیئے گئے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 16 فروری 2025 14:32

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 فروری 2025ء ) حکومت کی جانب سے مختلف چارجز اور مارجن میں ردوبدل کے باعث عوام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مکمل ریلیف سے محروم ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کیا ہے لیکن ساتھ ہی مختلف چارجز اور مارجن میں ردوبدل بھی کردیا جس سے عوام کو مکمل ریلیف سے محروم کردیا گیا، اس رد و بدل کے باعث شہری پیٹرول پر 1 روپے 42 پیسے اور ڈیزل پر 50 پیسے کے ریلیف سے محروم ہوئے۔

اس حوالے سے دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرول پر فریٹ چارجز میں 1 روپے 42 پیسے کا اضافہ کرکے 5 روپے 79 پیسے فی لیٹر کردیا گیا ہے جو یکم فروری کو 4 روپے 37 پیسے مقرر تھے جب کہ پیٹرول پر لیوی کی مد میں 60 روپے فی لیٹر کا ٹیکس بھی برقرار رکھا گیا ہے، اسی طرح آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن 7 روپے 87 پیسے اور ڈیلر مارجن 8 روپے 64 پیسے بھی برقرار رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے ڈیزل پر بھی مختلف مد میں اضافہ کیا ہے، فریٹ چارجز 27 پیسے بڑھا کر 2 روپے 92 پیسے فی لٹر مقرر کیے گئے ہیں، ایکسٹرا مارجن میں 23 پیسے کا اضافہ کرکے اسے 30 پیسے فی لیٹر کر دیا گیا، پی ایس او ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ میں 1 روپے 96 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا، ڈیزل پر لیوی 60 روپے جب کہ ڈیلر مارجن 8 روپے 64 پیسے برقرار رکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرول کی قیمت میں صرف 1 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 256 روپے 13 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 263 روپے 95 پیسے ہوچکی ہے، اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 5 روپے 25 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 155 روپے 81 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جب کہ مٹی کا تیل فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 20 پیسے کمی کے بعد 171 روپے 65 پیسے فی لیٹر ہو گیا۔

متعلقہ عنوان :