موسم گرما کی سبزیوں کی کاشت پٹڑیوں کی ایک جانب کی جائے،محکمہ زراعت

بدھ 19 فروری 2025 14:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2025ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو موسم گرما میں اگائی جانے والی سبزیوں کی کاشت مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور بتایاہے کہ موسم گرما کی سبزیوں میں کریلہ، گھیا کدو، کالی توری، بھنڈی توری، بینگن، ٹماٹر، سبز مرچ، شملہ مرچ، تر اور کھیرا اہم سبزیات ہیں جنہیں کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت فراہم کئے جانیوالے بیجوں کے پیکٹس حاصل کرکے بآسانی کاشت کیا جا سکتا ہے۔

ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آبادکے ترجمان نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ ان سبزیوں کی نشوونما کیلئے بہترین درجہ حرارت 20 سے 35ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ اس سے زیادہ یا کم درجہ حرارت سبزیوں کی پیداوار پر اثر انداز ہوتاہے۔انہوں نے بتایاکہ سبزیوں کی کاشت کیلئے اچھے نکاس اور نامیاتی مادے والی زرخیز زمین ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ موسم گرما کی سبزیوں کی ایسی اقسام کا انتخاب کرنا چاہیے جو کہ موسمی حالات کے مطابق اور کیڑے مکوڑوں اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھتی ہوں اور ان کے بیج کی شرح اگاؤ 80 فیصد سے کم نہ ہو۔

انہوں نے کہاکہ ٹماٹر اور مرچ کی کاشت بذریعہ پنیری کی جائے اور جب پنیری کی عمر 30 سے35 دن ہوجائے تو اس پنیری کو پٹڑیوں پر سفارش کردہ فاصلہ کے مطابق منتقل کریں۔ انہوں نے کہاکہ کریلہ، گھیا کدو، چپن کدو،گھیا توری، تر اور کھیرا کی کاشت پٹڑیوں کی ایک جانب جبکہ بھنڈی توری کی کاشت پٹڑیوں کے دونوں جانب کرکے بہتر پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید مشاورت، معلومات، رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔

متعلقہ عنوان :