تجارتی و صنعتی نمائش " وئی ایگزبٹ 2025" ملکی معیشت کے لیے امید کا پیغام ہے ، مریم نعمان

بدھ 19 فروری 2025 17:55

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2025ء) صدر وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ مریم نعمان نے کہا ہے کہ تجارتی و صنعتی نمائش " وئی ایگزبٹ 2025" ملکی معیشت کے لیے امید کا پیغام ہے ۔ بدھ کو سیالکوٹ میں صنعتی نمائش کے پہلے روز افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے خواتین بڑی تعداد میں اپنی مصنوعات کی نمائش کے لیے یہاں موجود ہیں جو خواتین کو اپنے مستقبل کو سنوارنے اور بہتر بنانے کے لیے ممد و معاون ثابت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ تقریب نہ صرف ایک نمائش ہے بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں خواتین اور نوجوان کسٹمر ڈیلنگ، سیلز اور مارکیٹنگ کا حقیقی تجربہ حاصل کر رہے ہیں ۔صدر سیالکوٹ وومن چیمبر آف کامرس کاکہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ تعلیم کی ایک اہم شکل ہے جو نوجوانوں کی ایک بڑی نرسری تیار کرنے میں ہماری مدد کر سکتی ہے جو بین الاقوامی میلوں میں جانے سے قبل یہاں فروخت کرنا سیکھ سکتے ہیں، اس طرح بین الاقوامی تجارتی میلوں میں مصنوعات کو بہتر طریقہ سے پیش کیا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ وومن چیمبر آف کامرس اینڈ اندسٹری کے زیر اہتمام ہونے والی دو روزہ تجارتی و صنعتی نمائش " وئی ایگزبٹ 2025" میں کل 160 کے لگ بھگ مختلف اقسام کے سٹالز لگائے گئے ہیں جن میں گولڈ اور سلور کیٹگری کے سٹالز شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اکرام الحق سمیت سیالکوٹ کی کاروباری برادری اس نمائش کے انعقاد کے لیے ہماری بھرپور حمایت کر رہی ہے، اس لئے ہم نے سبسڈائیزڈ سٹالز کی فراہمی ممکن بنائی ہے تا کہ بزنس میں نئی کاروباری خواتین کو پروموٹ اور ان کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔

نمائش میں سیالکوٹ ویمن چیمبر کی ممبران کی کوالٹی پراڈکٹس جیسے کٹلری، ہینڈی کرافٹس، شوز، لیدر پراڈکٹس، جیولری، فرنیچر، ایمبرائیڈریز، جم ویئر، سپورٹس ویئر وغیرہ کے سٹالز لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویمن چیمبر آف کامرس سیالکوٹ کے زیر اہتمام ہونے والی اس نمائش میں فیصل آباد، کراچی، لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، پشاور، گجرات، ملتان سمیت مختلف شہروں سے نوجوان انٹر پنیورز نے سٹالز لگا رکھے ہیں۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر پوسٹل رضوان جاوید ہاشمی، قائد سیالکوٹ بزنس کمیونٹی ریاض ا لدین شیخ، پرنسپل گورنمنٹ نواز شریف کالج برائے خواتین و سینئر نائب صدر وومن چیمبر آف کامرس مس گلزیب وقاص اعوان ،نائب صدر روبینہ نوید،ایگزیکٹو رکن مس عظمیٰ ذکا، سیکرٹری وومن چیمبر آف کامرس مس عدن، سینئر نائب صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری وسیم شہباز لودھی ، نائب صدر عمر خالد سمیت سیالکوٹ کی تاجر برادری کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر یہاں موجود تھی۔