کپاس کی آئندہ فصل سے بہتر پیداوارکے حصول اور ضرر رساں کیڑوں کو کنٹرول کرنے کیلئے آف سیزن مینجمنٹ جاری

جمعہ 21 فروری 2025 13:16

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2025ء) کپاس کی آئندہ فصل سے بہتر پیداوارکے حصول اور ضرر رساں کیڑوں کو کنٹرول کرنے کیلئے آف سیزن مینجمنٹ جاری ہے اورمتعلقہ حکام کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ چونکہ کپاس کی فصل ملکی معیشت کیلئے انتہائی اہم ہے لہٰذا اس کی بہتر سے بہتر پیداوار کے حصول کیلئے کسی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیا جا ئے۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے مطابق زرعی توسیعی کارکنان کپاس کی آف سیزن مینجمنٹ پر اپنے ہدف کے مطابق عملدرآمد کر رہے ہیں اور کاشتکاروں کے ڈیروں،جننگ فیکٹریوں اور کھیتوں میں موجود گلابی سنڈی کے لاروے کی تلفی عمل میں لائی جا رہی ہے۔اس کے علاوہ کاشتکاروں کیلئے خصوصی آگاہی مہم بھی جاری ہے اور اس سلسلہ میں مساجد میں اعلانات بھی کروائے جا رہے ہیں تاکہ کاشتکار اپنے ڈیروں پر موجود کپاس کی چھڑیوں کوڈھیرلگاتے وقت چھوٹے گٹھوں کی حالت میں اس طرح رکھیں کہ چھڑیوں کے مڈھ نچلی یعنی زمین کی طرف ہوں تاکہ دھوپ کی وجہ سے ان چھڑیوں میں موجود سنڈیاں اور لارواتلف ہو جائیں جبکہ اس کے علاوہ ان کے بچے کھچے ٹینڈے الگ کر کے تلف کر دیں اورچھڑیوں کی ڈھیریوں کو پندرہ دن کے وقفے سے الٹ پلٹ کرتے ر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جننگ فیکٹریوں کے مالکان کو کپاس کے ٹینڈوں، بیج اور کچرا وغیرہ اکٹھاکر کے تلف کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو آگاہی مہم کے دوران بتایا جاتا ہے کہ سٹور زوگوداموں میں موجود ذخیرہ شدہ کپاس کے بیج کو امونیم فاسفائیڈ کی دھونی دیں تاکہ بیج میں موجود سرمائی نیند سوئی ہوئی گلابی سنڈی تلف ہو جائے۔انہوں نے محکمہ زراعت کے تمام حکام کو کاشتکاروں کو کھادوں کی مقررہ قیمت پر فراہمی کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس ایبلٹی پر زور دیتے ہوئے بلیک مارکیٹنگ اور اوور چارجنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کی۔