کپاس کی بھرپور پیداوار کے لئے زمین کا تجزیہ بہت ضروری ہے،ڈاکٹر محمد نوید افضل

جمعہ 21 فروری 2025 17:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2025ء) ڈائریکٹرسنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان ڈاکٹر محمد نوید افضل نے کہا ہے کہ کپاس کی بھرپور پیداوار کے لیے زمین کا تجزیہ بہت ضروری ہے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو کاشتکاروں کے نام جاری اپنے پیغام میں کہی ہے۔ڈاکٹر محمد نوید افضل نے کہا ہے کہ کپاس کی بہتر پیداوار اور زمین کی زرخیزی کو برقرار رکھنے کے لیے کاشت سے پہلے مٹی کا تجزیہ نہایت ضروری ہے، مٹی کے تجزیہ سے زمین میں موجود غذائی اجزاکی کمی بیشی اور مٹی کی صحت کے بارے میں مفید معلومات حاصل ہوتی ہیں،جس کی روشنی میں کھادوں کا مؤثر استعمال ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ زمین کی زرخیزی کو برقرار رکھنے اور کپاس کی اعلیٰ پیداوار حاصل کرنے کے لیے مٹی کا تجزیہ ناگزیر ہے،اس تجزیہ سے نائٹروجن، فاسفورس، پوٹاشیم، زنک، بوران اور دیگر ضروری غذائی اجزاکی مقدار کا تعین کیا جاتا ہے، جس کے مطابق کھادوں کا متوازن استعمال یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نوید افضل نے کہا کہ بڑھتی ہوئی کھادوں کی قیمتوں کے پیش نظر اندھا دھند کھادوں کا استعمال کسانوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے،اگر زمین میں پہلے سے موجود کسی عنصر کی مقدار زیادہ ہو اور غیر ضروری کھاد کا استعمال کیا جائے تو اس سے فصل کو فائدے کے بجائے نقصان ہو سکتا ہے،اس لیے کسانوں کو چاہیے کہ وہ زمین کا باقاعدگی سے تجزیہ کروائیں اور ماہرین کی سفارشات پر عمل کریں، تاکہ زیادہ پیداوار اور بہتر مالی منافع حاصل کر سکیں۔

ڈائریکٹر سی سی آر آئی ملتان نے کسانوں پر زور دیا ہے کہ وہ زمین کی زرخیزی کو برقرار رکھنے کے لیےوقتاً فوقتاً مٹی کے نمونے لے کر سرکاری یا نجی لیبارٹریوں میں تجزیہ کروائیں۔انہوں نے کہا کہ زمین کا بروقت تجزیہ کسانوں کو بے جا کھادوں کے استعمال سے بچانے کے ساتھ ساتھ زمین کی صحت کو بہتر بناتا ہے اور اس سے پیداوار میں اضافہ ممکن ہوتا ہے،اس لیے تمام کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ اپنی زمین کا وقت پر تجزیہ کروائیں اور سائنسی بنیادوں پر کھادوں کا استعمال کریں،تاکہ کپاس کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے اور ملک کی معیشت کو مستحکم بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :