راولپنڈی میں سکیورٹی آپریشن، اہم کمانڈر سمیت 16 غیرملکی باشندے گرفتار

گرفتار کمانڈر عبدالمالک افغانستان کے گزشتہ دور حکومت میں بطور کمانڈر کام کرتا رہا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 22 فروری 2025 12:41

راولپنڈی میں سکیورٹی آپریشن، اہم کمانڈر سمیت 16  غیرملکی باشندے گرفتار
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 فروری 2025ء ) راولپنڈی میں سکورٹی آپریشن کے دوران کمانڈر سمیت 16 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تھانہ مورگاہ کے علاقے میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا جس میں اہم افغان کمانڈر عبدالمالک کو گرفتار کیا گیا، اس آپریشن کے دوران مزید 16 افغان باشندے بھی گرفتار کرلیے گئے، جو غیر قانونی طور پر رہائش پذیر تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار کمانڈر عبدالمالک افغانستان کے گزشتہ دور حکومت میں بطور کمانڈر کام کرتا رہا، تاہم اشرف غنی کے دورِ حکومت کے بعد عبدالمالک افغانستان سے غائب ہو گیا تھا جس کو اب گرفتار کرلیا گیا، افغان کمانڈر عبدالمالک سمیت گرفتار کیے گئے تمام افغان باشندوں کو حاجی کیمپ منتقل کر دیا گیا، گرفتار افراد کے پاس پاکستان میں قیام سے متعلق کوئی دستاویزات موجود نہیں تھیں، اس لیے تمام گرفتار افراد کو افغانستان ڈی پورٹ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں آ پریشن کے دوران 6 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے، آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے 21 فروری کو کرک میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 6 خارجی دہشت گرد مارے گئے، کرک میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع کرک میں 6 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے، انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ملک سے دہشتگردی کے مکمل سد باب کے لیے مکمل طور پر سرگرم عمل ہیں۔