فیصل آباد چیمبر اور شہر کی بزنس کمیونٹی فراہمی ونکاسی آب کے منصوبوں کی تکمیل کےلئے ہر قسم کی مدد کرے گی،صدر فیصل آباد چیمبر

منگل 25 فروری 2025 13:39

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے شہر کے فراہمی آب سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے بین الاقوامی اداروں کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئےکہاکہ فیصل آباد چیمبر اور اس شہر کی بزنس کمیونٹی ان منصوبوں کی تکمیل کیلئے ہر قسم کی مدد کرے گی۔ وہ مسٹر جین ساس سینئر کنسلٹنٹ آف جی ایف اے برائے کے ایف ڈبلیوبینک جرمنی سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے فیصل آباد چیمبر کا دورہ کیا۔

صدر چیمبر نے خاص طور پر جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کی تکنیکی اور مالی امداد کو سراہا اور کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ جائیکا کے بعد دوسرے ممالک کے ڈونرز بھی ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں جس سے صنعتوں کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ شہریوں کے معیار زندگی میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس سلسلہ میں کنسلٹیشن سنٹر کے قیام کو اہم قرار دیا تاکہ حقیقی نمائندوں سے مشاورت کے بعد منصوبہ سازی سے لے کر ان کی تکمیل تک کے مراحل کو بلاتعطل مکمل کیا جاسکے۔

انہوں نے جرمن مہمان کو یقین دلایا کہ فیصل آباد چیمبر ان کی ہر طرح سے معاونت کرے گاتاہم انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کو مقررہ مدت میں شروع اور مکمل کرنا ضروری ہے۔ صدرفیصل آباد چیمبرنے کہا کہ فیصل آباد بنیادی طور پرصنعتی شہر ہے یہاں صنعتیں مختلف حصوں میں بکھری ہوئی ہیں اس لئے ان کے مسائل مختلف نوعیت کے ہوں گے جن کو ان کی ضروریات اور سہولیات کے مطابق حل کیا جانا ہوگا۔

انہوں نے پروسیسنگ انڈسٹری کا بھی ذکرکیا اور کہا کہ اس میں بجلی اور گیس کے علاوہ پانی کا زیادہ استعمال ہوتا ہے کیونکہ یہ پوری ویٹ انڈسٹری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان فیکٹریوں کے استعمال شدہ پانی کو ری سائیکل کرنے کی بھی ضرورت ہے تاکہ ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے کیلئے مربوط اور منظم حکمت عملی کے تحت کام کیا جاسکے۔ اس سے قبل چیمبر کے صدر کو بتایا گیا کہ جائیکا کی مدد سے واسا فیصل آباد میں صاف پانی کی فراہمی پر توجہ دے رہا ہے۔

اس وقت شہر کے مشرقی حصے میں نہروں کے ذریعے پانی کی فراہمی کی کوششیں جاری ہیں جبکہ لاہور کی طرز پر فیصل آباد میں بھی بارشی پانی کو ذخیرہ کرکے اس کو استعمال کرنے کی بھی تجویز زیر غور ہے۔ انہیں بتایا کہ جرمن کثیرالجہتی منصوبے شروع کرنے کا خواہاں ہے۔ جھنگ روڈ پر وسیع پیمانے پر شجرکاری کی جارہی ہے جبکہ ڈائیووروڈ پر پرانے کلوری نیشن پلانٹ کو بہتر اور محفوظ بنایاجارہا ہے۔ اس موقع پر چیمبر کے سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا، نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ، وحید خالق رامے اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔