خواتین کو مرکزی دھارے میں لانے اور ان کی معاشی خود انحصاری سے ترقی کے ثمرات حاصل کئے جا سکتے ہیں،وی سی جامعہ زرعیہ ڈاکٹرسرورخان

منگل 25 فروری 2025 13:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2025ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد سرورخان نے کہا ہے کہ پاکستان کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے جن کو مرکزی دھارے میں لانے اور معاشی خود انحصاری کا ماحول پیدا کر کے ترقی کے ثمرات حاصل کئے جا سکتے ہیں۔نیو سینیٹ ہال میں ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ خواتین کوزندگی کے ہر شعبے میں مساوی حقوق ومعاشی مواقع کی فراہمی کےلئے ملکی سطح پر اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشرہ صنفی عدم مساوات کے وجہ سے مشکلات کا شکار ہے جس پر قابو پانے کےلئے خواتین کو بااختیار بنانے کی راہ ہموار کرنا ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ زرعی یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلبہ کی پچاس فیصد سے زائد تعداد خواتین پر مشتمل ہے اور فیکلٹی کی سطح پر بھی خواتین کی شرح میں اضافے کےلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ برصغیر کی اس پہلی زرعی دانش گاہ میں مردوں کے شانہ بشانہ خواتین بھی ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ طالبات جن کے والدین معاشی اور روزگار کی مجبوریوں کی وجہ سے طالبات کو یونیورسٹی سے پک اینڈ ڈراپ میں تاخیر کا شکار ہوتے ہیں ان طالبات کےلئے ویمن ڈے سکالر ہاسٹل کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں زیر تعلیم طالبات کو جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ،صوبے بھر میں طالبات کےلئے سب سے بڑا ہوسٹل زرعی یونیورسٹی میں قائم کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ معاشرہ ترقی نہیں کر سکتاجہاں پر خواتین ملکی ترقی میں مردوں کے شانہ بشانہ حصہ نہ لیں۔