ناقص، غیر معیاری وجعلی کھادوں کی روک تھام کیلئے ڈیلروں کی پڑتال شروع کر دی گئی

منگل 25 فروری 2025 15:43

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2025ء) حکومت نے بعض مقامات پر جعلی، ناقص، غیر معیاری کھادوں کی فروخت کی کچھ شکایات کا فوری سختی سے نوٹس لیتے ہوئے جعلی کھادوں کی تیاری و فروخت روکنے کیلئے کھاد ڈیلرز کی پڑتال شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور محکمہ زراعت کے ڈویژنل و ضلعی حکام کے نام جاری مراسلہ میں کہا ہے کہ وہ محکمہ زراعت کے افسران پر مشتمل چیکنگ ٹیمیں تشکیل دیں جو مختلف ڈیلرز کی اچانک پڑتال کریں اور جعلی کیمیائی کھادوں کی تیاری و فروخت میں ملوث افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت توسیع کے ترجمان نے کہا کہ متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدائت کی گئی ہے کہ وہ جعلی کھاد تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کروائیں تاکہ ذمہ داران کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جعلی کھادوں کے استعمال سے جہاں کاشتکاروں کو انتہائی زیادہ مالی بوجھ برداشت کر نا پڑتا ہے وہاں بروقت مناسب کھاد نہ ملنے سے فصلات کی پیداوار بھی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ محکمہ زراعت کے حکام پر واضح کر دیا گیا ہے کہ اس ضمن میں کسی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کاشتکاروں سے بھی اپیل کی کہ وہ جس ڈیلرزسے کھاد خریدیں اس سے رسید ضرور حاصل کریں تاکہ بوقت ضرورت کاروائی میں آسانی ہوسکے۔