فیصل آباد،الائیڈ ہسپتال کے نیوکلیئر میڈیسن کے وارڈ کو100 بستروں کے وارڈ میں تبدیل کردیا گیا

منگل 25 فروری 2025 23:00

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کوششوں سے الائیڈ ہسپتال کے 60بستروں پر مشتمل نیوکلیئر میڈیسن کے وارڈ کو فوری طور پر 100 بستروں کے مکمل وارڈ میں تبدیل کردیا گیا ہے جبکہ کیمو گرافی کی پرانی مشینری کی جگہ نئی اور جدیدLinear Accelerator (LINAC) مشین کی خریداری کا عمل جلد شروع کیا جا رہا ہے۔

یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری عظمت محمود سے اس حوالے سے ہونے والی ملاقاتوں کے فالواپ کے سلسلہ میں کینسر کے ماہر ڈاکٹروں، پروفیسر ڈاکٹرمحمد خالد بیگ اور عامر شوکت پر مشتمل وفد سے ملاقات کے دوران بتائی۔ ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ فیصل آباد کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے عملی کوششوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں وزیر صحت کی ہدایت پر فوری طور پر 60 بستروں کے وارڈ کو 100بستروں کا کردیا گیا ہے جبکہ اس وقت بھی یہاں -135 130 مریضوں کا روزانہ علاج کیا جا رہا ہے جن کی تعداد بتدریج بڑھ کر 200تک بھی پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ کینسر کا علاج مہنگا ہے اس لئے اس کے علاج کی بجائے اس سے بچاؤ پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زوردیاکہ خواتین میں بریسٹ کینسر کے حوالے سے چیمبر مخیرحضرات کے تعاون سے بچیوں میں آگاہی پیدا کرنے کے علاوہ کیموگرافی کیلئے کیمپ بھی لگائے جانے چاہیے۔

ڈاکٹر محمد خالدبیگ نے بتایا کہ چیمبر کے ممبروں کو الائیڈ ہسپتال کا دورہ کرنا چاہیے تاکہ انہیں موجودہ سہولتوں کے ساتھ ساتھ تیکنیکی پریزنٹیشن بھی دی جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ کینسر کی زیادہ تر ادویات سرکاری خزانے یا مخیر لوگوں کی مالی معاونت سے فراہم کی جاتی ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس وقت فیصل آباد میں ایک عام اور مڈل کلاس پاکستانی کا بہترین علاج کیا جارہا ہے جبکہ فرق صرف مشین کا ہے۔ انہوں نے کہا کہLinear Accelerator (LINAC) مشین کے آنے سے علاج کے نتائج میں مزید بہتری آئے گی۔ آخر میں چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے ڈاکٹرمحمد خالد بیگ کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی جبکہ اس موقع پر سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا بھی موجود تھی