محکمہ زراعت سمبڑیال نے کاشتکاروں کو بھنڈی کی قسم سبز پری کی کاشت كرنے كی ہدایت

بدھ 26 فروری 2025 12:20

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2025ء) محکمہ زراعت سمبڑیال نے کاشتکاروں کو بھنڈی کی قسم سبز پری کی کاشت كرنے كی ہدایت كی ہے۔ فیلڈ آفیسر ذیشان گورائیہ نے بھندی کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ ان دنوں بھنڈی و توری کی کاشت جاری ہے اور کاشتکار شاندار نتائج کی حامل بھنڈی توری کی قسم سبز پری کاشت کرکے بہترین پیداوار حاصل کرسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سبزی پری کی قسم دیگر اقسام سے زیادہ فی ایکڑ پیداوار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تیز رفتاربڑھوتری اور ہرقسم کی بیماریوں کے خلاف بھر پور قوت مدافعت کی بھی حامل ہے۔

(جاری ہے)

ذیشان گورائیہ نے کہا کہ عام حالات میں اگر درجہ حرارت 20ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ہو تو پھر بھنڈی توری کے بیج کا اگائو متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھنڈی توری کی بڑھوتری کیلئے 20سے30ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت اچھے نتائج کاحامل ہوتاہے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار بھنڈی توری کی عام کاشت کیلئے اچھے اگائو والا 10سے20کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ معیاری و منظور شدہ بیجوں کے استعمال سے کاشتکار بہتر پیداوار حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔