ریسرچ ایگرانومسٹس کی کاشتکاروں کو سورج مکھی کی فصل کو پہلے 40سے 45 روز تک جڑی بوٹیوں سے صاف رکھنے کی ہدایت

جمعرات 27 فروری 2025 14:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2025ء) جامعہ زرعیہ فیصل ۱ٓباد کے ریسرچ ایگرانومسٹس نے سورج مکھی کی فصل کو پہلے 40سے 45 روز تک جڑی بوٹیوں سے صاف رکھنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اگر جڑی بوٹیوں کا بروقت تدارک نہ کیا جائے تو یہ روشنی، خوراک اور پانی کے حصول میں فصل کا مقابلہ کرتی ہیں اور یہ سورج مکھی کے پودوں کی نسبت دو سے تین گنا ان کو استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

علاوہ ازیں جڑی بوٹیاں بہت سے کیڑوں اور بیماریوں کے میزبان پودوں کے طورپر بھی کام کرتی ہیں۔انہوں نے بتایاکہ سورج مکھی کی فصل میں چوڑے پتوں والی جڑی بوٹیوں میں باتھو، کرونڈ، لیہلی، جنگلی پالک، چولائی، ددھک، قلفہ، بکھڑا، چبڑ، اٹ سٹ، سینجی، مینا، میکواور جنگلی ہالوں زیادہ اہم ہیں جبکہ نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں میں ڈیلا، کھبل گھاس، سوانکی گھاس، مدھانہ گھاس، دمبی گھاس اور بانسی گھاس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ اگر افرادی قوت موجود ہو توگوڈی جڑی بوٹیوں کی تلفی کا بہترین طریقہ ہے کیونکہ گوڈی سے جڑ ی بوٹیاں تلف کرنے، زمین کی سطح کو نرم کرنے اور زمین میں ہوا کی آمد ورفت قائم کرنے میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ کھیلیوں اور وٹوں پر کاشتہ فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی میں آسانی رہتی ہے اوراس طریقہ کاشت میں فصل سے جڑی بوٹیاں کیمیائی زہروں کے استعمال سے بآسانی تلف کی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سورج مکھی پٹڑیوں پر کاشت کرنے کی صورت میں جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے 24سے 48گھنٹے کے اندر ڈوآل گولڈ 8ملی لیٹر یا پینڈی میتھلین 12ملی لیٹر فی لیٹر پانی میں ملا کرسپرے کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار ڈرل یا پلانٹر کے ساتھ کاشتہ فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے ٹریکٹر کے ذریعے گوڈی کرکے ان کو تلف کریں اور آخری گوڈی کے بعد پودوں کے ساتھ مٹی چڑھادیں تاکہ پودے کو گرنے اور نقصان سے بچایاجاسکے۔

متعلقہ عنوان :