سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کا اجلاس، فائیو جی نیلامی کے لیے پی ٹی اےکی تیاریوں کے بارے میں جامع بریفنگ

جمعرات 27 فروری 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2025ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کا اجلاس سینیٹر پلوشہ محمد زئی خان کی زیر صدارت جمعرات کو منعقد ہوا۔کمیٹی کو فائیو جی نیلامی کے لیے پی ٹی اےکی تیاریوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ پی ٹی اے نے ٹرائلز کیے ہیں اور فائیو جی کے لیے مارکیٹ کا جائزہ مکمل کر لیا ہے تاہم حکومت نے ملک کی ضرورت کے پیش نظر مارکیٹ اور سپیکٹرم کی صلاحیت کا جائزہ لینے کے لیے وزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک مشاورتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

حکام نے مزید کہا کہ فائیو جی نیلامی سے متعلق خامیوں کو جلد ہی دور کر دیا جائے گا۔مزید برآں کمیٹی کو گزشتہ تین سالوں میں مکمل ہونے والے یونیورسل سروس فنڈ کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایا کہ یو ایس ایف نے گزشتہ تین سالوں میں ملک بھر میں 63 تھری جی فور جی پروجیکٹ مکمل کیے ہیں۔ ان منصوبوں سے ملک بھر میں 11,225 موضع کو ہدف بنایا گیا ہے اور تقریباً 21,724,315 افراد مستفید ہوئے ہیں۔

کمیٹی نے قومی شاہراہوں پر انٹرنیٹ کے مسئلے کو اجاگر کیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ قومی شاہراہوں پر انٹرنیٹ کی خرابیوں کو دور کرنے کے لیے ٹیلی کام سیکٹر کو نیشنل رومنگ کے لیے کہا ہے۔کمیٹی نے ورچوئل سٹوڈیو پروجیکٹ کے لیے اگنائٹ کی جانب سے شروع کیے گئے بولی کے عمل کا تجزیہ کیا۔ متاثرہ فریق نے دلیل دی کہ اگنائٹ نے مبہم بنیادوں پر ہماری بولی کو مسترد کر دیا اور کنسورشیم کو ٹھیکہ دیا جو پہلے مرحلے میں اہل نہیں تھا۔

کمیٹی نے اگنائٹ کو ہدایت کی کہ وہ اس عمل کو روکے اور ٹھیکہ دینے کے لیے طریقہ کار کی تفصیلات فراہم کرے۔اجلاس میں سینیٹرز ڈاکٹر افنان اللہ خان، انوشہ رحمان احمد خان، ڈاکٹر ہمایوں مہمند، سیف اللہ سرور خان نیازی، گوردیپ سنگھ، سیکرٹری برائے آئی ٹی ضرار خان، چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔