برسیم کی فصل پر جڑ اور تنے کے گلاؤ کی بیماریوں کے حملہ کا خدشہ، کاشتکار احتیاطی اقدامات یقینی بنائیں،محکمہ زراعت کی ہدایت

جمعہ 28 فروری 2025 13:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2025ء) موسم کی تبدیلی کے باعث ماہ مارچ کے دوران برسیم کی فصل پر جڑ اور تنے کے گلاؤ کی بیماریوں کے حملہ کا خدشہ ہے لہٰذا کاشتکار احتیاطی، حفاظتی، تدارکی اقدامات یقینی بنائیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعبہ پلانٹ پروٹیکشن،پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت فیصل آباداسرار ارشد نے بتایا کہ برسیم ایک غذائیت سے بھر پور چارہ ہے جس کو ربیع چاروں کا باد شاوہ کہا جاتا ہے جبکہ برسیم کی فصل سے چار سے پانچ کٹائیاں حاصل ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جڑ اور تنے کے گلاؤ کی بیماریاں برسیم کی پیداوار میں کمی کا سبب بنتی ہیں اوریہ بیماریاں وائٹ مولڈ پھپھوند کے حملہ سے پیدا ہوتی ہیں جو زمین میں کالے دانوں کی شکل میں کئی سال تک زندہ رہتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ زیادہ نمی اور 10 سے 20 ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت پریہ پھپھوند تیزی سے پھیلتی ہے اور برسیم کے گلاؤ کی بیماری کا باعث بنتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ موسمی حالات میں یہ بیماری مارچ کے آغاز میں ٹکڑیوں کی شکل میں نمودار ہونا شروع ہوتی ہے جس سے متاثرہ پودے مرجھائے ہوئے نظر آتے ہیں اور پودوں کے مڈھوں کے اوپر سفید رنگ کا جالا نظر آتا ہے نیز مذکورہ بیماری پھیلنے پر پورا پودا مرجھا جاتا ہے اور مڈھ گل سڑ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس بیماری کے بروقت علاج کیلئے کاشتکار متاثرہ فصل کی اچھی طرح کٹائی کریں اور کاربنڈا زیم یا ٹاپسن ایم بحساب 2گرام فی لیٹر یا سکور ایک سی سی فی لیٹر پانی یا امیسٹار ٹاپ 2سی سی فی لیٹر پانی میں ملا کر سپرے کریں۔

انہوں نے کہاکہ سپرے اس طرح کیاجائے کہ کھیت کی زمین سپرے والے پانی سے تر ہوجائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کاشتکار متاثرہ کھیت میں کم ازکم اگلے تین سال تک برسیم کی فصل کاشت نہ کریں۔

متعلقہ عنوان :