اغواء، تشدد، انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث 3 اشتہاریوں سمیت 6 ایجنٹ گرفتار

ہفتہ 1 مارچ 2025 22:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2025ء)اغواء، تشدد، انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث 3 اشتہاریوں سمیت 6 ایجنٹ گرفتارکر لئے گئے۔ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کا انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے اوراغواء، تشدد، انسانی سمگلنگ میں ملوث 6 انسانی سمگلرز گرفتار کئے گئے ہیں۔گرفتار انسانی سمگلرز میں 3 اشتہاری بھی شامل ہیں۔

گرفتار ملزمان کی شناخت محمد عارف حسین، ابرار علی، امتیاز علی، محمد ایان بٹ، آصف رضا، ذکا اللہ عرف احسان اللہ سیفی کے نام سے ہوئی۔ملزمان کو جہلم، ڈسکہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور گجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا۔ملزم ابرار علی نے 6 شہریوں کو یورپ بھجوانے کا جھانسہ دے کر 2 کروڑ روپے سے زائد کی رقم وصول کی ۔

(جاری ہے)

ملزم نے شہریوں کو وزٹ ویزے پر موریطانیہ بھجوایا ۔

ملزم نے شہریوں کو موریطانیہ سے کشتی کے ذریعے یورپ بھجوانے کی کوشش کی ۔شہریوں نیغیر قانونی طور کشتی کے ذریعے یورپ جانے سے انکار کر دیا اور واپس آ گئے ۔ملزم آصف رضا سال 2022 سے اشتہاری ہے ۔ملزم نے شہریوں کو یورپ بھجوانے کے لیے 1 کروڑ 35 لاکھ روپے سے زائد بٹورے ۔ملزم نے شہریوں کو یورپ کی بجائے آذربائیجان بھجوا دیا ۔آذربائیجان میں مقیم ملزم کے ساتھیوں نے شہریوں کو محصور کر لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا ۔

ملزمان شہریوں سے تاوان کا مطالبہ بھی کرتے رہے ۔شہری ایک ماہ کے بعد جان بچا کر واپس آ گئے۔ملزم امتیاز نے شہری کو اٹلی ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 8 لاکھ روپے وصول کیے ۔ملزم آیان بٹ نے شہری کو یو کے بھجوانے کے لیے 60 لاکھ روپے سے زائد کی رقم وصول کی ۔ملزم عارف حسین اور ذکاء اللہ سال 2012 سے انسانی سمگلنگ کے مقدمے میں اشتہاری تھے۔

ملزم عارف حسین نے شہری کو بیرون ملک ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 1 لاکھ 75 ہزار روپے سے زائد کی رقم وصول کی ۔ملزم ذکا اللہ شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پایا گیا ۔ملزم نے سال 2012 میں شہری کو دبئی ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 1 لاکھ 80 ہزار روپے وصول کیے ۔ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور روپوش ہو گئے۔ ملزمان کو گرفتار کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ملزمان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف چھاپہ مار کاروائیاں جاری ہیں ۔