زیرو ٹیلج ٹیکنالوجی سے پانی کی بچت اور زمین کی زرخیزی میں اضافہ ہوگا، ماہرین شعبہ اگرانومی

پیر 3 مارچ 2025 17:19

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2025ء) ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے شعبہ اگرانومی کے ماہرین نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث کاشتکاروں کو زرعی حکمت عملی تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ کم دورانیہ کی اقسام اور زیروٹیلج کے طریقہ کاشت کو ترجیح دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں، غیر یقینی صورتحال، درجہ حرارت میں اضافہ، بے موسمی بارشوں، ژالہ باری فصلوں کے کاشتی امور پر اثر انداز ہورہی ہیں لہٰذا بدلتے موسمی حالات سے نبرد آزما ہونے کے لئے فوری اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں جبکہ موسمی حالات کا مقابلہ کرنے والی فصلوں کی اقسام اور کاشتی امور ہی اس کا بہترین اور اولین حل ہے۔

انہوں نے کاشتکاروں کو بتایا کہ فصلوں کی پیداوار پر موسمی حالات اثر انداز ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا کرنے کے لئے زراعت کو بہتر کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زیرو ٹیلج ٹیکنالوجی سے پانی کی بچت اور زمین کی ساخت بہتر ہونے کے علاوہ زمین کی زرخیزی میں بھی اضافہ ہوگا تاہم ہمیں گوبر کی کھاد کا استعمال بھی دوبارہ شروع کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے درجہ حرارت بڑھ رہا ہے لہٰذا ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کلائی میٹ چینج ریسرچ یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیاہے جس کے مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔