رمضان ہمیں محبت، بھائی چارے، صبر و تحمل اور برداشت کا درس دیتا ہے، شرافت علی خلجی

پیر 3 مارچ 2025 22:30

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2025ء)مرکزی سیکرٹری اطلاعات ونشریات مسلم لیگ ن یوتھ ونگ آزاد جموں وکشمیر شرافت علی خلجی نے رمضان المبارک کی آمد پر مسلم اُمہ اور پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ آپس میں محبت، بھائی چارے، صبر و تحمل اور برداشت کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماہ صیام میں اللہ پاک ہمیں اپنی بے پناہ نعمتوں سے نوازتا ہے جن کا ہم جتنا شکر ادا کریں تو کم ہے۔رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے اورضرورت مند افراد کی مدد کرنے کا مہینہ ہے۔انہوں نے ماہ صیام کی فضیلت و برکات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس مقدس مہینے میں دنیا بھر کے مسلمان اللہ تعالیٰ کے حضور اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہیں اور ذات باری تعالی سے رحمت و نعمت کے طلب گار ہوتے ہیں انھوں نے اس موقع پر مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ غریب اور ضرورت مند افراد کے ساتھ دل کھول کر تعاون کریں اور اس مہنگائی کے دور میں ان کی کھل کر امداد کریں تاکہ وہ بھی ماہ صیام میں یکسوئی کے ساتھ اپنی عبادات کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک پاکستان کی ترقی وخوشحالی،مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین کی آزادی وخودمختاری کے لئے خصوصی دعائیں بھی کریں۔