سمبڑیال، دھان کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کےلئے مشینی کاشت متعارف کروانے کا فیصلہ

منگل 4 مارچ 2025 14:17

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ زراعت(توسیع) سمبڑیال ڈاکٹر افتخار احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ دھان کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کےلئے مشینی کاشت متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل نئی اور ہائبرڈ اقسام متعارف کروانے کے لئے بھی کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ زرعی سائنسدانوں نے بھی دھان کی برآمدات میں اضافہ کے لئے زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل نئی اور ہائبرڈاقسام متعارف کروانےکی کوششیں تیز کردی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صوبے کی زمینوں اور زرعی ٹیوب ویلوں کے پانی کا تجزیہ کروا نے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس سے مختلف فصلوں میں کھادوں کے متوازن ومتناسب استعمال سے فی ایکڑ پیداواری لاگت میں کمی کے ساتھ فی ایکڑ پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ حکومت دھان ودیگر فصلوں کی مختلف اقسام کی پیداواری صلاحیت اور فی ایکڑاوسط پیداوار میں وسیع خلیج کو کم کرنے کیلئے نہ صرف چھوٹے کاشتکاروں تک زرعی مشینری کی دستیابی ممکن بنائے گی بلکہ کھادوں پر سبسڈی کا براہ راست فائدہ بھی کسانوں تک پہنچانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دھان کی فصل کی پیداوار میں اضافہ کےلئے فی ایکڑ 80 ہزار پودے ہونا ضروری ہیں جبکہ کاشتکاروں کی طرف سے 50سے 60 ہزار پودے فی ایکڑ لگائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پودوں کی مطلوبہ تعداد کے حصول کیلئے ٹرانسپلانٹر کے ذریعے پنیری کی منتقلی اور براہ راست کاشت کو متعارف کروانے کیلئے کاشتکاروں کی تربیت انتہائی ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :