درآمد شدہ ایل سی ڈی سکرینز کی نئی کسٹمز ویلیو مقرر، موبائل فون مہنگے ہونے کا خدشہ

مذکورہ اشیاء کی کسٹمز ویلیو ہی ڈیوٹی اور ٹیکسز کے تخمینے کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، ممکنہ طور پر پرانے موبائل فونز کی مرمت کا خرچہ بھی بڑھ جائے گا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 5 مارچ 2025 11:30

درآمد شدہ ایل سی ڈی سکرینز کی نئی کسٹمز ویلیو مقرر، موبائل فون مہنگے ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مارچ 2025ء ) بیرون ممالک سے درآمد شدہ سکرینز کی نئی کسٹمز ویلیو مقرر کردی گئی۔ انگریزی اخبار بزنس ریکارڈر کے مطابق کراچی میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن نے چین اور ہانگ کانگ سے درآمد ہونے والی موبائل فون کی سکرینز کی نئی کسٹمز ویلیو مقرر کی ہے، جس کے بعد پرانے موبائل فونز کی مرمت کا خرچہ بڑھ جائے گا جب کہ ایسے مینوفیکچررز جو پاکستان میں اپنے موبائل فوز اسیمبل کرتے ہیں، ان کے موبائل فونز کی قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔

اس حوالے سے جاری ہونے والے ایک ویلیوایشن رولنگ سے معلوم ہوا ہے کہ نئی ویلیوایشن رولنگ نمبر 1979/2025 نے پرانی ویلیوایشن رولنگ نمبر 1576/2021 کو منسوخ کر دیا ہے، مذکورہ اشیاء کی کسٹمز ویلیو 2021ء کے بعد سے نظرثانی کے بغیر برقرار تھی، تاہم درآمدی ڈیٹا کے تجزیے، موجودہ مارکیٹ رجحانات، قیمتوں میں فرق اور کسٹمز ویلیو میں تبدیلی کے پیش نظر کسٹمز ایکٹ 1969ء کے سیکشن 25 اور 25A کے تحت ان اشیاء کی نئی کسٹمز ویلیو کا تعین کرنے کا عمل شروع کیا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اس عمل کے دوران متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی جن کے مؤقف کو تفصیل سے سنا گیا اور انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی درآمدی دستاویزات جمع کرائیں تاکہ اپنے مؤقف کو ثابت کر سکیں، کسٹمز ویلیو کے تعین کے لیے گزشتہ 90 دنوں کا ڈیٹا حاصل کیا گیا اور مکمل جانچ پڑتال کے بعد مخصوص اشیاء کی ٹرانزیکشن ویلیو کا تعین کیا گیا ہے، اس کے بعد دی گئی اشیاء کی کسٹمز ویلیو ہی ڈیوٹی اور ٹیکسز کے تخمینے کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔